عالمی نمبر ون بولر بنناخواب لگ رہا ہے ، حسن علی
گوجرانوالہ:ون ڈے کی عالمی رینکنگ میںموجود نمبر ون پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی نے کہا ہے کہ اب تک یقین نہیں آیا کہ وہ ون ڈے کے نمبر ون بولر بن چکا ہے۔ میچ کے دوران کپتان سرفراز احمد کا چیخنا چلانا برا نہیں لگتا بلکہ اس کی وجہ سے کارکردگی بہتر بنانے اور بولنگ پر مزید توجہ دینے میں مدد ملتی ہے۔ غیر ملکی اسپورٹس چینل سے بات چیت میں 23 سالہ فاسٹ بولر نے کہا کہ میرے لئے اب بھی ایک خواب جیسا ہے۔ فاسٹ بولر نے کہا کہ جب بھی رینکنگ میں اپنا نام دیگر بہترین بولرزسے اوپر دیکھتا ہوں تو خود کو چٹکی کاٹ کر یقین دلاتا ہوں کہ کہیں خواب تو نہیں دیکھ رہا اور کیا یہ سب کچھ حقیقت ہے۔ میچ کے دوران کپتان سرفراز احمد کی جانب سے سختی اور شور کے حوالے سے سوال پر کہا کہ یہ سب کچھ کھیل کا حصہ ہے اور کپتان کا اس طرح چلانا ہمارے حق میں بہتر ہو تا ہے اور مجھے ایسی صورتحال میں کبھی کوئی الجھن نہیں ہوئی بلکہ سچ تو یہ ہے کہ مجھے ان کا چیخنا چلانا پسند ہے کیونکہ اس سے میری حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور یقین ہے کہ دیگر کھلاڑیوں کےلئے بھی ایسا ہی ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ دراصل سرفراز کھلاڑیوں پر غصہ نہیں ہو رہے ہوتے بلکہ یہ ان کا ہماری توجہ کھیل پر مرکوز رکھنے کا طریقہ ہے۔ایک روزہ کرکٹ کے بہترین بولر بننے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کا کریڈٹ ٹیم مینجمنٹ، کپتان اور دیگر کھلاڑیوں کو بھی جاتا ہے کیونکہ ان کی مدد اور تعاون کے بغیر میرے لئے کامیابیوں کا حصول ممکن نہیں تھا۔ حسن علی نے کہا کہ میرے بھائی بھی تعریف کے مستحق ہیں، ان کی مدد اور حمایت کے بغیر میں کبھی بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیل سکتا تھا اور مجھے یہاں تک پہنچانے میں ان کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو 2019 ءکا ورلڈ کپ جیتتا دیکھنے کا خواہشمند ہوں۔ 2019ء کے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینا اور میگا ایونٹ کا بہترین کھلاڑی بننے کی بھی خواہش ہے۔