حیدرآباد ۔۔۔شہر میںسردی کی لہر کا آغاز ہوگیا ہے۔ صبح کے اوقات میں سردی کے ساتھ ساتھ کہر کی گھنی چادر بھی دیکھی جارہی ہے جس سے گاڑی سواروں بالخصوص صبح کے اوقات میں چہل قدمی کرنے والوںکو بھی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے انتباہ دیا ہے کہ آئندہ دنوں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ہوگی۔ اپنے انتباہ میں محکمہ موسمیات نے کہا کہ اعظم ترین درجہ حرارت میں امکان ہے کہ تلنگانہ کے بعض مقامات پر4 تا 5 ڈگری کمی ہوگی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق عموماً ریکارڈ کئے جانے والے درجہ حرارت میں جاریہ سال تبدیلی ہوگی ۔مطلع کے صاف ہونے کے سبب ہی اس میں کمی ہورہی ہے۔ دوسری طرف پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے وشاکھاپٹنم کے ایجنسی علاقوںمیں کہر کی گھنی چادر کیساتھ خوب صورت نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔اس موسم اور یہاںکے خوب صورت منظر کو دیکھنے کیلئے اِن ایجنسی کے مختلف علاقوںمیں سیاح ملک کے مختلف مقامات سے یہاں آرہے ہیں۔اس علاقہ میں درجہ حرارت میںمزید گراوٹ کا امکان ظاہر کیاجارہا ہے۔ وشاکھاپٹنم کے ایجنسی علاقے اوٹی کی طرح نظارہ پیش کر رہے ہیں۔ وشاکھاپٹنم کے10 منڈلوںمیں درجہ حرارت 10 ڈگری تک جاپہنچا ہے۔ اراکو وادی میں شدید کہر دیکھی جارہی ہے۔یہاں کے موسم نے علاقہ کی خوب صورتی میںمزید اضافہ کردیا ہے۔