چار ملکی انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول میں پاکستان کی چوتھی پوزیشن
میلبورن:چار ملکی انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول میں پاکستان نے چوتھی پوزیشن حاصل کر لی۔ جاپان نے تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان کو 1-2 سے ہرا دیا۔ گرین شرٹس ایونٹ میں تینوں ٹیموں سے ہارنے کے بعدتیسری پوزیشن کیلئے بھی پاکستان جاپان سے مقابلہ نہ کر سکی اور چار شکستوں کے بعد ٹورنامنٹ میں چوتھے نمبر پر رہی۔ میبلورن کے اسٹیٹ نیٹ بال ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان اور جاپان کے مابین سخت مقابلہ ہوا۔ اعجاز امجد نے 13 ویں منٹ میں گول کرکے پاکستان کو برتری دلا دی جو زیادہ دیر قائم نہ رہی۔ اگلے ہی منٹ میں جاپان کی طرف سے کینٹا ٹناکا نے گول کرکے میچ برابر کر دیا۔ تیسرے کوارٹر تک میچ 1-1 گول سے برابر رہا مگر 57 ویں منٹ میں کوزوما مراتا نے گول کرکے جاپان کو برتری دلا دی جو کہ آخر تک قائم رہی۔ اس طرح پاکستان کو ایونٹ میں مسلسل چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔