لندن..... جیٹ سوٹ اڑان بھرنے کی تازہ ترین مشین ہے۔ جس میں آئے دن نت نئی تبدیلیاں لائی جارہی ہیں او ر اب یہ جیٹ سیٹ اس قابل ہوچکے ہیںکہ اچھا خاصا صحت مند انسان اسکی مدد سے اسی طرح اڑان بھر سکتا ہے جس طرح زمانہ قدیم میں بھاری بھرکم قسم کے بڑے پرندے اڑان بھرتے تھے۔ تفصیلات کے مطابق رچرڈ براﺅننگ نامی شخص نے جسم سے کنٹرول کیا جانے والا جیٹ سیٹ 40ہزار پونڈ کی لاگت سے خود ہی تیا رکیاتھا اور اسکی مدد سے اس نے جیٹ سیٹ سے پرواز کا عالمی ریکارڈ بھی توڑ کر نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ رچرڈ براﺅننگ نت نئی چیزیں تیار کرنے کے حوالے سے بھی مقبول ہیں اور رائل میرین سے وابستہ رہ چکے ہیں۔ انکا کہناہے کہ انسان کا اڑنا انکا بہت پرانا شوق اور خواب رہا ہے اور جب بھی انہیں فرصت ملتی ہے وہ اس خواب کو تعبیر کی شکل دینے کیلئے کام کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے گنیز بک آف ریکارڈ میں 32.02میل فی گھنٹہ کی رفتا ر سے اڑانے کے بعد اپنا نام درج کرایا ہے تاہم وہ اب بھی مطمئن نہیں اور انکا ارادہ ہے کہ وہ جلد ہی اپنے اس ریکارڈ کو بھی توڑ دیں۔ واضح ہو کہ جیٹ سیٹس عمودی پروازکرنے کے حوالے سے مشہور ہیں او رانسان اپنے دونو ں بازوﺅں کو حسب ضرورت حرکت دیکر اسے اپنے قابو میں رکھ سکتا ہے۔ اس کے اڑنے میں ایندھن کا بھی بیحد دخل ہے جسکی مقدار جاننے کیلئے اس کے اندر ہی ایک آلہ لگا ہے۔ جسے دیکھ کر اڑنے والا اپنی پرواز کو محدود کرسکتا ہے یا اس میں اضافہ کرسکتا ہے۔ اسکا کہناہے کہ وہ دو مرتبہ بھی اس قسم کی کوشش کرچکا ہے مگر ناکامی ہوئی تھی تاہم وہ ناکامی سے ہارنے والا نہیں۔ اس نے یہ کارنامہ برکشائر کے لاگونا پارک علاقے میں انجام دیا ہے۔ سابقہ ریکارڈ جو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہے وہ 30میل فی گھنٹے کی رفتار کا ہے۔