لندن .... برطانوی جریدے گارجین نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ گزشتہ 6برسوں کے دوران پہلی عالمی جنگ میں حصہ لینے والے19ممالک کے فوجیوں کی نجی یادداشتوں اور فوجی ریکارڈ کا معائنہ کرنیوالے اسکالرز نے واضح کیا ہے کہ جرمنی کے خلاف پہلی عالمی جنگ میں اتحادی افواج کا ساتھ دینے والے مسلمانوں کی تعداد 25لاکھ تھی۔ یہ مسلمان اتحادیوں کے قبرستانوں میں دفنائے گئے۔ ان کی قربانیاں ابھی تک ریکارڈ پر نہیں آئی ہیں۔ عالمی رائے عامہ اتحادیوں کیلئے انکی خدمات سے ناواقف ہے۔ یہ اعدادوشمار 1918ءمیں ختم ہونے والی پہلی عالمی جنگ پر سو برس گزرنے کے بعد جاری کئے جارہے ہیں۔ پہلی عالمی جنگ میں تقریباً37ملین لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔