ہر دور کے شاعر ہیں ، ان کی شاعری میں مستقبل، حال اور ماضی کی تمام تر کیفیات ہیں،نجیب اللہ خان
جاوید راہو۔ جدہ
سماجی رابطہ کمیٹی کی جانب سے شاعر مشرق ڈاکٹر محمد اقبال کے یوم ولادت کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔اس موقعہ پر ڈاکٹر محمد کریم بیبانی نے علامہ اقبال کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری ہجر یا وصال پر مبنی نہیں بلکہ ہماری روزمرہ زندگی اور اسلامی تعلیمات کے گرد گھومتی ہے۔ عوام الناس نے ان کو شاعر مشرق کہہ کر پکارا تو برگزیدہ بزرگوں نے ان کو مفکر اعظم کہا۔ علامہ اقبال کوئی پیر، ولیٔ کامل یا مفتی نہیں تھے، پھر بھی اسی قسم کے اعزازات انہیں دنیا بھر میں مل رہے ہیں۔ انہوں نے کلام اقبال میں قرآن مجید کی آیات کی تلمیحات پر مشتمل فکری مقالہ پیش کیا۔ قونصلیٹ جدہ کے ویلفیئر قونصلر نجیب اللہ خان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال ہر دور کے شاعر ہیں کیونکہ ان کی شاعری میں مستقبل، حال اور ماضی کی تمام تر کیفیات نمایاں ہیں۔ انھوں نے مسلمان قوم کو اپنی شاعری کے ذریعے ہی بیدار کیا اور انہیں اکٹھا کرکے پاکستان بنانے کا عظیم تصور دیا۔ آج بھی ان کی شاعری کو دیکھا جائے تو دورِحاضر کے چیلنجز سے بخوبی نبرآزما ہوا جا سکتا ہے۔ اردو نیوز کے ایڈیٹر عبد الستارخان نے خطاب کرتے ہوئے فکر اقبال میں امت کے تصور کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خیر امت انسانوں کیلئے اس لئے برپا کی گئی کہ یہ خیر کی تعلیم دیتی ہے، نیکی کا حکم اور برائی سے روکتی ہے۔ یہ اس امت کا فرضِ منصبی ہے جسے بھلادیا گیا ہے۔ آج فکر اقبال سے امت کو اپنا فرض منصبی یاد کر نا ہوگا۔ پاکستان میں بطور سفارت کار خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹر علی الغامدی کا کہنا تھا کہ انہوں نے جتنا پاکستان میں وقت گزارا، علامہ اقبال کو پڑھنے اور سمجھنے میں گزرا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ان کی شاعری سے بے حد متاثر ہوا۔ ان کی شاعری روحانیت پر مبنی ہے جو انسان کو حقیقتوں سے بھی آشکار کرتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر سماجی رابطہ کمیٹی کے صدر انجینیئر الطاف حسین اعوان نے حاضرین اور مقررین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد فکر اقبال کو عام کرنا ہے۔ تقریب کی نظامت انجینیئر آصف بٹ نے انجام دی۔ تلاوت قرآن پاک کی سعادت قاری محمد آصف نے حاصل کی جبکہ نوجوان خوش الحان احمد زبیر نے نعمت رسول مقبول پیش کی، بعد ازاں کلام اقبال سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ تقریب کے اختتام پرپُرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔