مصری نوجوان کی ایک ہی دن 3 لڑکیوں سے شادی
جمعرات 16 جنوری 2025 22:44
شادی کی یہ تقریب ایک مثال بن گئی۔ (فوٹو المرصد)
مصری نوجوان نے ایک ہی دن اور ایک ہی وقت میں 3 لڑکیوں سے شادی کرکے سب کو حیران کردیا۔ سوشل میڈیا پر لوگ مثالی شادی قرار دے رہے ہیں جس کے بارے میں پہلے کبھی نہیں سنا۔
العربیہ نیوز کے مطابق مصر کی کمشنری الفیوم میں رہنے والے دولہا کا کہنا تھا کہ تینوں بیویوں سے محبت کرتا ہوں جبکہ یہ تینوں بھی مجھے پسند کرتی ہیں۔
ایک ہی دن میں شادی کی تقریب منعقد کرنے کے بارے میں دولہا کا کہنا تھا کہ تینوں بیویوں کو اس بات پر قائل کیا کہ ایک ہی دن عروسی جوڑا پہنو تاکہ منفرد شمار کی جاو، اس کوشش میں مجھے کوئی خاص مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا فورا ہی تینوں نے میری بات سے اتفاق کیا اس طرح یہ تقریب ایک مثال بن گئی۔
دولہا نے اپنی دلہنوں کا تعارف کراتے ہوئے کہا ’میری پہلی چاہت امیرہ تھی جو ہماری ہمسایہ بھی تھی دوسری بوسی ہے جس سے کچھ عرصہ بعد تعارف ہوا اور اس کی محبت بھی دل میں گھر کرگئی تیسری بیوی کا نام اسما ہے اس کے بغیر بھی میں رہنے کا سوچ نہیں سکتا‘۔
دلہنوں کو تیار کرنے والی بیوٹی پارلر کی مالکہ نے جب دلہنوں سے ان کے اکلوتے شوہر کے بارے میں دریافت کیا تو ان تینوں کا کہنا تھا کہ ’وہ اپنے شوہر سے محبت کرتی ہیں اور تین شادیوں پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ، ہم اپنے شوہر کی خوشی میں خوش ہیں، بس اسے خوش دیکھنا ہمارا مقصد ہے اسی سوچ کے تحت ہم نے ایک ہی دن شادی کی تقریب منعقد کرنے کا اہتمام کیا‘۔
دولہا کا کہنا تھا ’مجھے اپنی دعاوں میں یاد رکھیں کہ میں ہنسی خوشی اپنی تینوں بیویوں کے ساتھ خوشگوار زندگی گزاروں اور ہمارے درمیان اسی طرح الفت و محبت برقرار رہے۔‘
بیوٹی پارلر کی مالکہ نے جب اس مثالی و انوکھی شادی کے حوالے سے تینوں دلہنوں اور دولہا کی وڈیو پوسٹ کی تو صارفین نے انتہائی حیرت اور غیریقینی کا اظہار کرتے ہوئے دریافت کیا ’کیا یہ سچ ہے یا محض پبلسٹی کے لیے کیا گیا ہے؟‘