لبنانی صدر اور سعد الحریری کے حوالے سے سعودی اخبارات کی شہ سرخیاں
جمعرات 16 نومبر 2017 3:00
جمعرات کو سعودی عرب سے شائع ہونیوالے عربی اخبارات کی شہ سرخیاں جو مختلف موضوعات پر مبنی تھیں
الوطن:
جمعرات کو شائع ہونے والے الوطن اخبار کے صفحہ اول کی پہلی سرخی یہ رہی ’’ لبنانی صدر عون ایران اور حزب الشیطان (حزب اللہ) کی طرف جھک گئے، سعودی عرب کیخلاف تنقید کا دہانا کھول دیا، سعودی عرب کے تاریخی کردار سے منہ پھیر لیا‘‘۔
دوسری سرخی ’’سعودی عرب میں کرونا وائرس کا دوبارہ حملہ، ریاض، عنیزہ اور تبوک میں 4متاثرین جاں بحق، 9متاثرین میں شامل‘‘۔
تیسری سرخی ’’قرضوں اور دیت کے قیدیوں کو رہا کرانے کے نام پر عطیات جمع کرنے والے 30 لاکھ ریال جمع کرکے روپوش ہوگئے، قصیم ریجن کے قیدیوں کے حلقوں میں رنج و ملال کی لہر دوڑ گئی‘‘۔
چوتھی سرخی کچھ یوں ہے ’’ سعودی محکمہ ٹریفک نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس مسترد کردیئے، خواتین کو سیاحتی اسکیموں کے عنوان سے باہر لیجاکر ڈرائیونگ لائسنس دلانے والے گروپوں کا منصوبہ ناکا م ہوگیا‘‘۔
پانچویں سرخی یہ ہے ’’3ماہ کے دوران 25ہزار سعودی خواتین لیبر مارکیٹ میں داخل ہوگئیں‘‘۔
الوطن کی چھٹی سرخی ہے ’’سرکاری ہدایات کو نظرانداز کرنے والے اساتذہ کا احتساب کیا جائیگا، وزارت تعلیم کا انتباہ، قومی مفاد پر نجی مفاد کو ترجیح دینے والے اساتذہ کیخلاف کارروائی کی جائیگی‘‘۔
الوطن کی ساتویں اور آخری سرخی یہ ہے ’’سعودی عرب کی جانب سے جاری کی جانے والی دہشتگردوں کی فہرست نے حوثیوں کی ملاقاتوں کے پروگرام معطل کردیئے، حوثی قائدین نے موبائل استعمال کرنے بند کردیئے، حوثیوں او رمعزول علی صالح کے ہمنواؤں کے درمیان اعتبار کا رشتہ ختم ہوگیا‘‘۔
******
الشرق الاوسط
جمعرات کو شائع ہونے والے اخبار الشرق الاوسط کے صفحہ اول کی پہلی سرخی یہ ہے ’’عراق اور کردستان کے عہدیداروں کے درمیان خفیہ مذاکرات کافی آگے بڑھ گئے،عراقی پارلیمنٹ کا انکشاف، عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کردستانی رہنما برزانی سے استصواب رائے کی بابت دو ٹوک موقف کے منتظر‘‘۔
دوسری سرخی ’’سافٹ بینک نے سعودی عرب میں 25ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عزم کرلیا، جاپانی گروپ 60فیصد رقم نیوم منصوبے میں لگائیگا‘‘۔
تیسری سرخی الشرق الاوسط کی یہ رہی ’’روسی قائدین جنیوا مذاکرات کے بعد اپنے یہاں 2دسمبر کو ہونے والی شامی قومی مکالمہ کانفرنس کے نتائج کے پابند ، ترک حکام الرقہ میں داعش اور امریکی حکام کے درمیان ہونے والے سمجھوتے پر ناراض‘‘۔
چوتھی سرخی’’ لبنان کے مستعفی وزیراعظم سعد الحریری وطن واپسی کے سلسلے میں پُرعزم، لبنانی صدر میشل عون نے گرما دیا، فرانسیسی صدر نے سعد الحریری کو پیرس آنے کی دعوت دیدی‘‘۔
پانچویں سرخی ’’ زمبابوے میں فوجی انقلاب، ریاستی اور اہم اداروں پر قبضہ،93سالہ صدر رابرٹ موگابے اہل خانہ کے ہمراہ نظر بند،40سالہ اقتدار کا خاتمہ، اپوزیشن سول اقتدار پر بضد‘‘۔
چھٹی سرخی ’’حماس نے رامی حَمدَاللہ کو بحیثیت فلسطینی وزیراعظم ناپسندیدہ شخصیت قرار دیدیا، فلسطینی صدر بیان بازیوں سے بالا ہوکر مصالحتی معاہدہ کو ناکامی سے بچانے کیلئے کوشاں‘‘۔
********