سعودی قیادت کا سابق امریکی صدر جمی کارٹر کی وفات پر اظہار تعزیت
امریکی صدر جو بائیڈن کو الگ الگ تعزیتی پیغام بھیجے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سابق امریکی صدر جمی کارٹر کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی قیادت نے امریکی صدر جو بائیڈن کو الگ الگ تعزیتی پیغام بھیجے ہیں۔
تعزیتی پیغام میں کہا گیا کہ سابق امریکی صدر جمی کارٹر کی وفات کی خبر ملی، آپ سے، سابق صدر کے اہل خانہ اور عوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ مریکہ کے نوبل انعام یافتہ سابق امریکی صدر جمی کارٹر اتوار کو 100 سال کی عمر میں جارجیا میں چل بسے تھے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جارجیا سے تعلق رکھنے اور مونگ پھلی کے کاشت کار کے طور پر کام کرنے والے جمی کارٹر ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھتے تھے۔
جمی کارٹر امریکہ کے 39ویں صدر تھے اور انہوں نے 1977 سے 1981 تک بطور صدر خدمات انجام دیں۔
جمی کارٹر کو انسانیت کے لیے خدمات انجام دینے پر 2002 میں امن کے نوبیل انعام سے بھی نوازا گیا تھا۔
امریکی حکومت کی جانب سے سابق صدر جمی کارٹر کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کا اعلان کیا گیا ہے۔