Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر قانونی تارکین کی گرفتاریاں، مشترکہ اعلامیہ

 ریاض.... اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف جاری مہم کے دوران اب تک 24 ہزار غیرقانونی تارکین وطن گرفتار کئے گئے۔ وزارت محنت و محکمہ پاسپورٹ کی طرف سے جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ غیرقانونی تارکین کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ صرف بدھ ، جمعرات اور جمعہ کے دوران مملکت کے مختلف شہروں میں غیرقانونی قیام کرنے والے 24 ہزار سے زائد تارکین گرفتار کئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گرفتار شدگان میں سے 15 ہزار سے زیادہ اقامہ و قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے۔ 3800 سے زیادہ درانداز گرفتار کئے گئے۔ گرفتار شدگان میں سے 4300 سے زیادہ لیبر قوانین کی خلا ف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے۔ گرفتار کئے جانے والوں میں سے سب سے زیادہ مکہ مکرمہ ریجن میں تھے ۔ ان کی تعداد 42 فیصد رہی۔ 19 فیصد ریاض سے ، 11 فیصد عسیر ، 6 فیصد جازان اور 5 فیصد مشرقی ریجن سے گرفتار کئے گئے۔ 394 ایسے افراد بھی گرفتار کئے گئے جو دراندازی کی کوشش کررہے تھے۔ انہیں سرحد پر ہی گرفتار کرلیاگیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ اس وقت 8433 غیرقانونی تارکین ادارہ ترحیل میں قید ہیں جن کیخلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے ان میں سے 7491 مرد جبکہ 942 خواتین ہیں۔ اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف جاری مہم کے دوران 25 سعودی شہری بھی گرفتار ہوئے۔ یہ غیرقانونی تارکین کو مختلف سہولتیں فراہم کررہے تھے۔ دریں اثناء زنانہ اشیاء و ملبوسات فروخت کرنے والی دکانوں میں کئے جانے والے تفتیشی دورے کے دوران ریاض شہر میں 1170 دکانیں خلاف ورزی کی مرتکب پائی گئیں۔ یہاں خواتین کے بجائے مردوں کو بھرتی کیا ہوا تھا۔ تفتیشی دورے کے دوران 154 غیرقانونی افراد گرفتار ہوئے۔ اسی طرح الخرج میں بھی زنانہ ملبوسات و اشیاءفروخت کرنے والی دکانوں کا تفتیشی دورہ کیاگیا تو 28 دکانوں میں خلاف ورزی نوٹ کی گئی۔ ان کے مالکان کو نوٹس جاری کیاگیا ہے۔

شیئر: