Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین ایکسپریس کا جدہ مکہ تجربہ کامیاب رہا، امت کیلئے تحفہ ہے، خالد الفیصل

 جدہ.... حرمین ایکسپریس کا جدہ مکہ تجربہ کامیاب رہا گورنر شہزادہ خالد الفیصل ، نائب شہزادہ عبداللہ بن بندر، صحافی ،اخبارات کے مدیران اور کالم نگار جدہ سے پہلی بار حرمین ایکسپریس ٹرین پر بیٹھ کر مکہ مکرمہ پہنچے۔ جدہ سے مکہ جاتے ہوئے شہزادہ خالد الفیصل کو ٹرین کا مکمل تعارف کرایاگیا۔ اہل مکہ نے ٹرین کے تجرباتی سفر کی کامیابی پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔ خالد الفیصل نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ، ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان ، امت مسلمہ ، حجاج ، معتمرین و زائرین اور سعودی شہریوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سعودی عرب ، اسکی قیادت اور عوام کیجانب سے امت مسلمہ کیلئے ایک تحفہ ہے۔ سعودی عرب جیسے ملک کیلئے جو اسلام اور اسکے پیروکاروں کی خدمت کو اپنا شیوہ بنائے ہوئے ہے حرمین ایکسپریس ٹرین کا تحفہ پیش کرنا انہونی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت نے ریاست کا پراگندہ شیرازہ جمع ہونے سے لے کر آج تک اس بات عادی بنا دیا ہے کہ ہم ہر روز نیا منصوبہ شروع کریں اور کسی نئے منصوبے کا افتتاح کریں۔ ایسا فخر و ناز کیلئے نہیں بلکہ اس یقین اور اعتماد کے تحت کیا جاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں مقدس ترین مقامات کی خدمت کا اعزاز اور اس فرض کی امانت تفویض کررکھی ہے۔ الفیصل نے کہا کہ وہ اس خوبصورت تجرباتی سفر میں وزیر نقل و حمل کے ساتھ رہنے پر ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ کہتا ہوں اور پھر یہ بات دوہرا رہا ہوں کہ سعودی شہریوں کو سربلند ہوکر رہنا ہے۔ جدہ مکہ کے درمیان حرمین ٹرین کے کامیاب تجربے نے یہ بھی ثابت کردیا ہے کہ ہر بڑا منصوبہ عزم و ارادے کی پختگی اور نیک نیتی کے بل پر کامیابی سے مکمل کیا جاسکتا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر نبیل العامودی نے کہا کہ منصوبہ بڑا ہی نہیں پیچیدہ بھی تھا، رکاوٹیں پیش آئیں، معمولی سا کام باقی رہ گیا ہے آنے والے سال کے شروع تک مکمل کرلیا جائے گا۔ 
 

شیئر: