Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کولکتہ ٹیسٹ: سری لنکا یقینی شکست سے بچ گیا

کولکتہ : ہند اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔ میچ کے آخری روز سری لنکا کی ٹیم 231 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 75 رنز بنا سکی۔ کم روشنی کے باعث میچ مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔ سری لنکا یقینی شکست سے بچ گیا۔ بھونیشور کمار نے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ میچ میں مجموعی طور پر 8 وکٹیں لینے پر انہیں بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔ قبل ازیں ہند نے اپنی دوسری اننگز 352 رنز 8 کھلاڑی آوٹ پر ڈیکلیئر کر دی۔ ویرات کوہلی 104 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے وہ پہلی اننگز میں صفر پرآوٹ ہوئے تھے۔ کولکتہ میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز ہندنے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو لوکیش راہول 73 اور چیتشوار پجارا 2 رنز پر کھیل رہے تھے۔ راہول گزشتہ روز کے ا سکور میں صرف 6 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد سرنگا لکمل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ پجارا بھی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ۔22 رنز بنانے کے بعد لکمل کا نشانہ بن گئے۔ کپتان ویرات کوہلی نے ایک اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کر دیا۔ ہند نے 352 رنز 8 کھلاڑی آوٹ پر اننگز ڈیکلیئر کرکے سری لنکا کو جیت کےلئے 231 رنز کا ہدف دیا۔ اجنکیا راہانے صفر، روندرا جڈیجہ 9 ، ایشون 7 اور وردھیمان ساہا 5 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ سرنگا لکمل اور ڈاسن شنکا نے 3، 3وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے 75 کے اسکور پر 7 وکٹیں گنوا دیں تاہم کم روشنی کے باعث امپائرز نے میچ کو مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا۔ اس طرح سری لنکا یقینی شکست سے بچ گیا۔ نروشن ڈکویلا 27، کپتان دنیش چندیمل 20 اور اینجلو میتھیوز 12 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھونیشور کمار نے چار اور محمد شامی نے 2وکٹیں حاصل کیں۔

شیئر: