Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: غزہ کے بچوں کے لیے آواز اٹھانے پر فلسطین کا پاکستانی بہن بھائی کو خراج تحسین

اہم نکات:
  • معیشت کی ترقی کے لیے مختلف شعبوں کی ہفتہ وار ملاقاتیں ہوں گی: وزیراعظم
  • سوشل میڈیا پروپیگنڈے کا الزام، پی ٹی آئی رہنماؤں کی جے آئی ٹی میں پیشی
  • کابینہ میں نئے وزرا، حنیف عباسی ریلوے اور علی پرویز پیٹرولیم کے وزیر
  • ٹڈاپ کرپشن کیس: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سمیت 40 ملزمان بری
  • بشریٰ بی بی کے خلاف تین مقدمات کی عبوری ضمانت میں توسیع

غزہ کے بچوں کے لیے آواز اٹھانے پر فلسطینی ایمبیسی کا پاکستانی بہن بھائی کو خراج تحسین
اسلام آباد میں فلسطین کے سفارت خانے نے غزہ کے بچوں کی حمایت کرنے پر پاکستانی بہن بھائی 13 سالہ غلام بشیر اور 11 سالہ عبیدہ کو خراج تحسین پیش کیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق دونوں نے غزہ میں جسمانی اعضا کھو دینے والے بچوں کے لیے مہم کے دوران دنیا بھر میں حکام کو خون سے خطوط لکھے۔
ان کی مہم کا نام ’وائس فار وائس لیس‘ یعنی بے آوازوں کے لیے آواز ہے جسے فلسطینی حکام کی طرف سے سراہا گیا ہے۔ پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زہیر زاید نے ایک خط میں ان کی تعریف کی۔

معیشت کی ترقی کے لیے مختلف شعبوں کی ہفتہ وار ملاقاتیں ہوں گی: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کی ترقی میں تیزی لانے کے لیے مختلف شعبوں کے حوالے سے ہفتہ وار ملاقاتیں ہوں گی جس میں تمام متعلقہ حکام شرکت کریں گے۔
جمعے کو اسلام آباد میں کاروباری شخصیات سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ’معاشی اشاریے بتدریج بہتر ہو رہے ہیں لیکن اب ہمارا ہدف دیگر شعبے ہیں اور آپ نے اس کو آگے لے کر چلنا ہے، حکومت آپ کو سہولت فراہم کرے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مختلف شعبوں کے حوالے سے ملاقاتوں کا لیڈ ٹائم ایک ہفتہ مقرر کیا گیا اور اگلی جمعرات سے پہلی سیکٹر وائز میٹنگ ہوگی جس میں تمام متعلقہ حکام شامل ہوں گے۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’سرمایہ کاری کا سفر مقامی سرمایہ کاروں سے شروع ہوتا ہے۔ آپ سب نے مشکل وقت میں بھی ملکی صنعتی و معاشی ترقی کے لیے اپنا سرمایہ اس ملک میں لگایا اور آپ سرمایہ کاری کریں گے تو باہر سے بھی سرمایہ کاری آئے گی۔‘

وفاقی کابینہ میں نئے وزرا، حنیف عباسی ریلوے اور علی پرویز پیٹرولیم کے وزیر

وفاقی کابینہ کے نئے اراکین کو قلمدان سونپ دیے گئے ہیں جس کے مطابق حنیف عباسی کو ریلوے اور علی پرویز کو پیٹرولیم کا وزیر بنایا گیا ہے، جبکہ پرویز خٹک کو مشیر برائے امور داخلہ مقرر کر دیا گیا ہے۔
جمعے کو جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق طارق فضل چوہدری پارلیمانی امور، اورنگزیب خان کھچی قومی ورثہ و ثقافت، خالد حسین مگسی سائنس و ٹیکنالوجی، محمد معین وٹو آبی وسائل اور محمد جنید انور کو بحری امور کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سردار محمد یوسف کو مذہبی امور بین المذاہب ہم آہنگی، شزہ فاطمہ خواجہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن، مصطفیٰ کمال نیشنل ہیلتھ سروسز، رانا مبشر اقبال پبلک افیئرز یونٹ اور رضا حیات ہراج کو دفاعی پیداوار کا وزیر بنایا گیا ہے۔
کابینہ میں قلمدانوں کا ردوبدل کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک سے پیٹرولیم ڈویژن کا چارج واپس لے لیا گیا اور وہ اب وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ہوں گے۔
قیصر احمد شیخ سے بحری امور کا چارج لے لیا گیا اور وہ اب وزارت سرمایہ کاری بورڈ کے وفاقی وزیر ہوں گے۔ عبد العلیم خان سے سرمایہ کاری بورڈ اور نجکاری کے قلمدان واپس لے لیے گئے۔ اور وہ مواصلات کے وزیر رہیں گے۔

سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کا الزام، پی ٹی آئی رہنماؤں کی جے آئی ٹی میں پیشی

سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کے الزام میں پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان سمیت دیگر رہنما وفاقی حکومت کی طرف سے قائم کردہ جے آئی ٹی میں پیش ہوئے۔
جمعے کو پیشی کے بعد ایک بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جے آئی ٹی نے ڈیڑھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی اور جے آئی ٹی کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات پارٹی کے پلیٹ فارم پر ڈسکس کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں، کسی بھی ادارے کے ساتھ خلیج نہیں چاہتے۔ سوشل میڈیا سے متعلق سوالات پر بانی تحریک انصاف سے بھی ڈسکس کریں گے۔‘

ٹڈاپ کرپشن کیس: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سمیت 40 ملزمان بری
 

کراچی کی وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے ٹڈاپ کرپشن کیس میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سمیت 40 ملزمان کو بری کر دیا ہے۔
جمعے کو سماعت کے دوران عدالت اور یوسف رضا گیلانی کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔ جج نے سوال کیا کہ ’آپ کس جیل میں جانا پسند کریں گے؟ جس پر یوسف رضا گیلانی نے جواب دیا کہ جیل سے کوئی ڈر نہیں، چاہیں تو پھانسی دے دیں، ہمارے لیے یہ نئی بات نہیں۔‘
عدالت نے ریمارکس دیے کہ یوسف رضا گیلانی پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، جبکہ ان کے خلاف بیان دینے والے اب خود ملزم بن گئے ہیں۔ عدالت نے انہیں تینوں مقدمات میں باعزت بری کر دیا۔

26 نومبر احتجاج: بشریٰ بی بی کے خلاف تین مقدمات کی عبوری ضمانت میں توسیع

پی ٹی آئی کے 26 نومبر کو کیے جانے والے احتجاج کے حوالے سے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بشریٰ بی بی کی تین مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع کردی ہے۔
جمعے کو جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں بشریٰ بی بی کی تین ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں  پر سماعت ہوئی۔
وکیل خالد یوسف نے کہا کہ بشری بی بی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں گرفتار ہیں عدالت حاضر نہیں ہو سکتیں اور شامل تفتیش ہونا چاہتی ہیں۔ عدالت نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے 24 مارچ تک متعلقہ کیسز میں گرفتاری سے روک دیا۔

کیا پاکستان میں شرح سود میں مزید کمی ہونے جا رہی ہے؟

پاکستان میں زیادہ تر تجزیہ کاروں نے پیر کو سٹیٹ بینک کی طرف سے شرح سود میں مسلسل ساتویں کٹوتی کی پیش گوئی کی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پاکستان کے مرکزی بینک نے چھ ماہ میں 1000 بیسس پوائنٹس (بی پی ایس) کی کٹوتی کی ہے۔ جنوری میں 100 بی پی ایس کٹوتی کے ساتھ شرح سود کو جون 2024 میں 22 فیصد کی ریکارڈ بلند ترین سطح سے کم کر کے 12 فیصد پر لایا گیا۔
زیادہ تر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں ممکنہ اضافے کے باعث سٹیٹ بینک 10.5 یا 11 تک پہنچنے پر شرح سود میں کٹوتی بند کر دے گا۔

کراچی ایئرپورٹ پر ایک دن میں 13 ملکوں کو جانے والے 39 مسافر آف لوڈ

کراچی ایئرپورٹ پر ایک دن میں 13 ملکوں کو جانے والے 39 مسافروں کو مختلف وجوہات پر آف لوڈ کیا گیا ہے۔
سعودی عرب جانے والے 14 عمرہ زائرین ایڈوانس بکنگ اور رقم نہ ہونے پر آف لوڈ کیے گئے۔ ایران زیارات کے لیے چار مسافر کراچی ایئرپورٹ پر روکے گئے۔
اسی طرح ترکیہ، بحرین، عمان سمیت 12 ممالک کے وزٹ ویزہ ہولڈرز آف لوڈ ہوئے۔ قبرص اور آذربائیجان کے سٹوڈنٹ ویزہ ہولڈرز بھی آف لوڈ کیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سفری دستاویزات کی سخت جانچ کا عمل جاری ہے اور نامکمل دستاویزات پر کسی بھی ملک کا سفر خطرے میں پڑ سکتا ہے۔
پاکستان سے بیرون ملک جانے والے 44 ہزار افراد کو کیوں آف لوڈ کیا گیا؟

ارشد شریف قتل کیس: حکومت نے کینیا کے ساتھ قانونی تعاون کے معاہدے کے لیے وقت مانگ لیا

سپریم کورٹ میں ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کی سماعت میں وفاقی حکومت نے کینیا کے ساتھ باہمی قانونی تعاون کے معاہدے کی توثیق کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔ اور عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی استدعا پر ایک ماہ کا وقت دے دیا ہے۔
جمعے کو ہونے والی سماعت میں ارشد شریف کی بیوہ کے وکیل نے کہا کہ اس معاہدے کی ضرورت نہیں ہے۔ کینیا ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن فائل کی ہے۔ وفاقی حکومت نے اس میں بھی کوئی پٹیشن فائل نہیں کی۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے حکم دیا کہ کینیا کی عدالت نے فیصلہ جاری کیا تھا اسے عدالتی ریکارڈ پر لایا جائے۔ عدالت نے کینیا ہائیکورٹ کا فیصلہ عدالتی ریکارڈ پر لانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہے گا

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہے گا۔ تاہم وسطی اورجنوبی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے افغانستان سے بات چیت ناگزیر، بیرسٹر سیف

خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے افغانستان سے بات چیت کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’وفاق نہ خود افغانستان سے بات کر رہا ہے اور نہ ہمیں بات کرنے دے رہا ہے۔ افغانستان سے بات چیت کے لیے طے شدہ نکات (ٹی او آرز) وفاق نے سرد خانے میں ڈال دیے ہیں۔‘
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی صرف خیبر پختونخوا کا مسئلہ نہیں، بلکہ پورے ملک کا چیلنج ہے۔ دہشت گردی ایک قومی مسئلہ ہے، جس کے حل کے لیے قومی یکجہتی ضروری ہے۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے آخری روز 776 پوائنٹس کا اضافہ 

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل برقرار ہے اور کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی مارکیٹ میں 776 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
100 انڈیکس 114,684 پوائنٹس کی سطح پر پہنچا لیکن اس کے بعد معمولی گراوٹ ہوئی اور مارکیٹ 776 پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 14 ہزار490 پر بند ہوئی۔
گذشتہ روز بھی انڈیکس میں 1400 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا تھا اور مارکیٹ 1 لاکھ 13 ہزار 713 پوئنٹس پر بند ہوئی تھی۔

صدر نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 10 مارچ کو طلب کر لیا

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے مجلس شوریٰ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پیر 10 مارچ سہ پہر 3 بجے طلب کر لیا ہے۔
صدر مملکت نے مشترکہ اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 کی شق 1 اور آرٹیکل 56 کی شق 3 کے تحت طلب کیا ہے۔
 قومی اسمبلی کا اجلاس منگل 11 مارچ دن ساڑھے 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے۔ صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 کی شق 1 کے تحت طلب کیا ہے۔

کراچی میں لگژری گاڑیاں چھینے والے گینگ کا سرغنہ پولیس کانسٹیبل گرفتار

کراچی کے پوش ایریاز سے لگژری گاڑیاں چھیننے والے گینگ کے سرغنہ پولیس کانسٹیبل رانا کاشف کو گرفتار کیا گیا ہے۔
کراچی پولیس کے مطابق ملزم سے مشہور ٹی وی ایکٹریس سے چھینی گئی  ٹویوٹا فورچونر،  فیروزآباد کے علاقے سے چھینی گئی سوزوکی آلٹو،  سرکاری اسلحہ و منشیات برآمد ہوئی ہیں۔
ملزم نے کراچی کے پوش علاقوں سے دو درجن سے زائد گاڑیاں چھیننے کا اعتراف کیا ہے۔ چوری اور چھینی گئی گاڑیاں گینگ کے دیگر ساتھیوں کے ذریعے بلوچستان میں فروخت کی جاتی ہیں۔

 

شیئر: