بنوں...جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ جے یو آئی ملکی اور بین الاقوامی سیاست میں اہم کردار کی حامل جماعت ہے اگر وفاق میں ہماری حکومت نہیں آئی تو ہمارے بغیر کوئی حکومت چل بھی نہیں سکی نہ ہی بن سکتی ہے۔ اسمبلی کے اندر اور باہر ہر محاذ پر اپنے منشور کے مطابق یکساں موقف پیش کیا ہے مگر انداز بیاں مختلف ہوتا ہے ۔ ہر دور امتحانات کا سامنا کیا ہے ۔ اب ہم پر الزام ہے کہ حکومت کے خلاف ہمارا رویہ نرم ہے لیکن ہم سنجیدگی کیساتھ وقت کے ساتھ چل رہے ہوتے ہیں ۔ جمہوریت کی بساط کو قائم رکھنا چاہتے ہیں ۔مانتے ہیں کہ ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے فوج نے قربانیاں دی ہیں ۔ اگر جمعیت علماءاسلام کا تعاون نہیں ہوتا تو کبھی امن قائم نہیں ہوتا ۔ دہشت گردی کی راہ میں رکاوٹ بنے رہے۔ بنوں میں علماءکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں مگر تحریک انصاف بیرونی ایجنڈا پر عمل پیرا ہے جو ہماری تہذیب پر حملہ ہے اس لئے ان کیساتھ تہذیبی جنگ ہے اور یہ جاری رہے گا۔پی ٹی آئی نے حکومت حاصل نہیں کی بلکہ اُنہیں حکومت حوالے کی گئی ہے ۔ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے علماءکو تنخواہ کا لالچ دے کر خریدنا چاہتی ہے مگر علماءغریب ضرور ہیں مگر بے غیرت نہیں اس لئے اس لالچ میں نہیں آنے والے ہیں ۔