ریاض .... لبنان کے مستعفی وزیراعظم سعد الحریری استعفے کے 2 ہفتے بعد قبرص سے ہوتے ہوئے بیروت پہنچ گئے۔ وہ پیرس سے مصری دارالحکومت قاہرہ منتقل ہوئے تھے جہاں انہوں نے قبرص روانہ ہونے سے قبل مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔ سعد الحریر ی نے قبرص کے صدر سے بھی مذاکرات کئے۔4نومبر کو استعفیٰ پیش کرنے کی تاریخ سے لیکر آخری دن تک وہ یہ یقین دہانی بار بار کراتے رہے تھے کہ وہ بالاخر لبنان واپس ہونگے۔ انہوں نے لبنان کے داخلی امور میں ایران کی مداخلت اور حزب اللہ کی سرگرمیوں کی وجہ سے استعفیٰ دیا تھا۔ حزب اللہ کے لیڈروں پر سابق وزیراعظم رفیق الحریری کے قتل میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔