Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاست تلنگانہ میں اردو کو دوسری سرکاری زبان بنائے جانے پرمسرت کا اظہار

                     جدہ( امین انصاری )اردو گلبن جدہ  نے اپنے ایک پریس نوٹ میں کہا کہ ہندوستان کی ریاست تلنگانہ کی  حکومت نے اردو کو دوسری سرکاری زبان بناکراردو کی ترقی اور اس کی ترویج کی راہیں ہموار کردیں۔اردو گلبن جدہ نے حکومت تلنگانہ کے  اس عظیم اقدام پر  دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے تمام اہل اردو کو مبارکباد پیش کی ۔صدر اردو گلبن جدہ مہتاب قدر نے کہا کہ اردو کو ریاست تلنگانہ نے دوسری سرکاری زبان بناکر اپنے سیکولر ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔ اس سے قبل جو بھی حکومت آئی وہ اس زبان کے ساتھ حق تلفی کرتی رہی تاہم ٹی آر ایس حکومت نے عملی طور پر اردو کو رائج کرنے کیلئے کئی محکموں اور وزراء کے دفاتر میں اردو زبان کے سیکریٹریز کے تقرر کو یقینی بنایا ۔ اس عظیم کارنامے پر مملکت میں مقیم تارکین وطن و محبان اردو  چیف منسٹر تلنگانہ  چندر شیکھر راؤ  ،نائب وزیر اعلیٰ محمد محمود علی اور ان کی کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آپ کی قیادت میں اردو کے طلباء روزگار سے بھی منسلک ہونگے ۔    جنرل سیکریٹری اردو گلبن  اسلم افغانی نے حکومت تلنگانہ کے اس اعلان کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ نے  اردو کو  دوسری سرکاری زبان بناکر بہت بڑا اقدام کیاہے ۔ ہمیں خوشی ہے کہ اس پر وہ عمل بھی کروا رہے ہیں ۔اب اہل اردو ہر ڈپارٹمنٹ میں اپنی درخواستیں اردو میں دے سکتے ہیں ۔ جب کسی زبان کو حکومتی سرپرستی ملتی ہے تو وہ روزگار کا ذریعہ بنتی ہے ہمیں قوی امید ہے کہ اردو  جو ہر ہندوستانی کی زبان ہے ریاست تلنگانہ سے خوب پھلے اور پھولے گی ۔انہوں نے اردو گلبن کے ذمہ داران اور ممبران کی جانب سے تمام اردو زبان کے شیدائیوں کو دلی مبارکباد  پیش کی ۔
 

شیئر: