ریاض۔۔۔۔۔ولیعہدو نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے واضح کیا ہے کہ انسداد بدعنوانی مہم کو اقتدار پختہ کرنے کی کوشش کے معنی پہنانا گھٹیا بات ہے۔ انہوں نے یہ بات نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ محمد بن سلمان سے دریافت کیا گیا تھا کہ ریاض کے رٹزہوٹل میں جو کچھ ہورہا ہے آیا وہ اقتدار کا کھیل ہے ؟ آیا اس کا مقصد شاہی خاندان کی حریف شخصیات کو منظر نامے سے ہٹانا ہے؟ آیا اس کا ہدف شاہ سلمان کی جانب سے مملکت کے اقتدار کی کنجیاں محمد بن سلمان کے حوالے کرنے سے قبل نجی اداروں کو کنٹرول کرنا ہے؟ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ یہ مضحکہ خیز بات ہے ۔ زیر حراست نمایاں ترین شخصیتیں پہلے ہی نہ صرف یہ کہ بیعت کرچکی ہیں بلکہ اقتصادی اصلاحات کی تائید وحمایت میں بیان بھی دے چکی تھیں۔ شاہی خاندان کے بیشتر افراد ہمارے ساتھ ہیں۔ سعودی عرب آٹھویں عشرے سے اب تک بدعنوانی سے دوچار ہے۔ ہمارے ماہرین کا تخمینہ ہے کہ 10فیصد سرکاری اخراجات گزشتہ برس غبن کئے گئے۔ غبن کرنیوالوں میں اعلیٰ طبقہ بھی تھا اور نچلی سطح کے لوگ بھی تھے۔سعودی حکومت کئی بار بدعنوانی کیخلاف جنگ چھیڑ چکی ہے لیکن ناکام رہی۔انسداد بدعنوانی کی ہر مہم نیچے سے اوپر کی طرف شروع کی گئی تھی ۔ شاہ سلمان جو 5عشروں تک ریاض کے گورنر رہے ،وہ بدعنوانی کے خاتمے کا عزم کئے ہوئے تھے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ایران کے مرشد اعلیٰ مشرق وسطیٰ کے نئے ہٹلر ہیں۔ اس قسم کے حالات میں ہر ایک کو خوشنودی حاصل کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ یہ بات ہم نے یورپ سے سیکھی ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ یورپ کی طرح مشرق وسطیٰ میں نیا ہٹلر آگے بڑھے۔