Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہیتھرو ایئرپورٹ کے حمام میں منشیات کا کاروبار

 لندن ...   مقامی ہیتھرو ایئروپورٹ پر نیشنل کرائم ایجنسی اور میٹرو پولیس کے اہلکاروں نے مل کر ہوائی اڈے کے حمام سے ایک کولمبین باشندے کو گرفتار کیا ہے۔ جو بگوٹا سے آیا تھا اور اپنے ساتھ منشیات سے بھرا ہوا تھیلا لیکر ایئرپورٹ پہنچا تھا او راسے ایئرپورٹ کے ٹوائلٹ میں  سیکیورٹی اہلکار کے حوالے کررہا تھا کہ  پولیس ٹیم نے ان دونوں کو گرفتار کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق تھیلے میں 14پائونڈ کوکین تھی۔ جس کی مالیت 7لاکھ پونڈ بتائی جاتی ہے او ریہ لین دین  ٹرمینل فائیو کے باتھ روم میں ہورہا تھا۔ دونوں کی گرفتاری کے بعد مشرقی لندن میں ایک گھر پر چھاپہ بھی مارا گیا جہاں سے ایک شخص کی گرفتاری عمل میں آئی۔  بتایا جاتا ہے کہ سیکیورٹی اہلکار منشیات کی اسمگلنگ  میں ملوث گروہ سے تعلق رکھتا تھا اور اسمگلروں کیلئے خفیہ طور پر معاون کے طور پر کام کررہا تھا۔ پولیس نے ایئرپورٹ کے اندر سے ایک اور 43سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر شبہ کیا جارہا ہے کہ  وہ بھی منشیات کی اسمگلنگ کے کاروبار میں ملوث تھا۔ نیشنل کرائم ایجنسی کی اطلاع کے مطابق تھوک بازار میں اس منشیا ت کی قیمت ڈھائی لاکھ پونڈ ہوتی مگراس کے ٹکڑے کرکے فروخت کئے جاتے تو 7لاکھ پونڈ باآسانی مل جاتے۔ اب ان چاروں گرفتار شدگان سے  مختلف ایجنسیاں پوچھ گچھ کررہی ہیں۔ نیشنل کرائم  ایجنسی کے سینیئر انویسٹی گیشن آفیسر کا کہناہے کہ  اس کارروائی میں ایئرپورٹ عملے نے بھی خاطر خواہ  مدد کی جبکہ اس  اہم مشن میں  بعض ارکان پارلیمنٹ اور بارڈر  فورس کے اہلکارشامل تھے۔  واضح ہو کہ برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی ہوائی اڈوں پر اور  سرحدی چوکیوں پر کرپشن عام ہوتی جارہی ہے مگر اس کرپشن کو  دور کرنے کی جتنی کوششیں ہوتی ہیں اس کے بعد کوئی نہ کوئی نیا  واقعہ سامنے آتا ہے  اور  اندازہ ہوتا ہے کہ ساری کوشش ناکام ہورہی ہیں۔
 

شیئر: