زاہد حامد نے خود استعفی دیا،وزیر داخلہ
اسلام آباد..وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے دھرنا قائدین سے معاہدے کو افسوسناک باب قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زاہد حامد نے معاملے کی سنگینی دیکھتے ہوئے خود استعفی دیا ہم نے مستعفی ہونے کو نہیں کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے 3 دن میں دھرنا ختم کرانے کا حکم دیا تھا۔ سیاسی اونر شپ کے بغیر آپریشن کیا گیا ۔میڈیا سے گفتگو اور ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انتخابی بل سب جماعتوں نے مل کر پاس کیا تھا۔ سیاسی جماعتوں کا فرض تھا کہ وہ زاہد حامد کی پشت پر کھڑی ہوتیں لیکن سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کی۔ صورتحال خراب ہونے میں چند ناکام سیاستدانوں کا بھی ہاتھ ہے۔ ایسے بحرانوں سے حکومت نہیں بلکہ ریاست کمزورہوتی ہے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گرفتار مظاہرین کو قانونی ضابطے پورے کرنا ہوں گے۔انہوںنے کہا کہ دھرنے کے دوران لوگوں کواشتعال دلایا گیا۔لوگوں کے گھروں پرحملے کئے گئے۔ جن کے گھروں پرحملے ہوئے وہ بھی مسلمان اورختم نبوت پریقین رکھتے تھے۔ گھروں پر حملوں کے مناظر شرمناک تھے ۔نفرتوں کے بیج بوئے گئے تو کئی نسلوں کو بھگتنا ہونگے۔ایک سوال پر انہوں نے کہ چوہدری نثار کے ساتھ احترام کا رشتہ ہے۔میں نے کہیں یہ نہیں کہا کہ چوہدری نثار کے گھر سے فائرنگ ہوئی ہے۔