اسلام آباد.. اسلام آباد میں دھرنے کے خاتمے اور معاہدے پر ثالثی کے حوالے سے آرمی چیف جنرل باجوہ کا نام لیا جا رہا ہے۔ تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی نے بھی اپنی پریس کانفرنس میں آرمی چیف کے کردار کو سراہا ۔معاہدے پر حکومتی نمائندوں اور دھرنا قائدین کے علاوہ ڈی جی رینجرز کے بطور ضامن دستخط موجود ہیں تاہم صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے دعوی کیا ہے کہ وزیراعلی پنجاب نے ثالثی کرائی۔ ن لیگ کے قریبی ذرائع نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اندرونی طور پر زاہد حامد کو استعفے پر قائل کرکے قوم کو بحران سے بچالیا۔ وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے پر مسلم لیگ (ن) میں شدید اختلافات تھے۔ (ن) لیگ کی سینیئر قیادت کے اہم ارکان زاہد حامد کے استعفے کے حق میں نہیں تھے۔ سینیئر ارکان کا خیال تھا کہ زاہد حامد کی استعفیٰ حکومت کو نیچا دکھانے کے مترادف ہے مگر شہباز شریف نے ایک گھنٹے کی طویل ملاقات سے زاہد حامد کو ملکی مفاد کی خاطر مستعفی ہونے پر آمادہ کرلیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ یہ معاملہ ملکی معاملہ ہے ملک کو نقصان نہیں ہونا چاہیے۔ اگر ایک وزیر استعفی دے دیں تو اس سے فرق نہیں پڑتا مگر ملکی حالات خراب نہیں ہونے چاہئے۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں طے پایا تھا کہ ظفر الحق رپورٹ کے مطابق2وزراء استعفیٰ دینگے کیونکہ دھرنے والوں کا مطالبہ زاہد حامد کا مستعفی ہونا تھا تو اسی لئے دوسرے وزراءکو بچانے کے لئے زاہد حامد کی قربانی دینا پڑی۔