سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز کے ایک وفد نے اتوار کو دمشق میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین کے حکام سے شامی عوام کی مدد کے لیے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کے لیے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں شام میں سعودی سفارتخانے کے ناظم الامور عبداللہ بن صالح الحریص بھی موجود تھے۔
بات چیت میں امدادی اور انسانی کوششوں میں مشترکہ ترجیحات، شامی عوام کی سپورٹ اور امداد بڑھانے کی حکمت عملی پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین کے حکام نے شام میں پناہ گزینوں اور بے گھر افراد کی مدد کےلیے مشترکہ اقدامات کی اہمیت اجاگر کرنے کے علاوہ شاہ سلمان مرکز کے ساتھ سٹریٹجک پارٹنر شپ کی تعریف کی۔
سعودی ایجنسی اور اقوام متحدہ کے ادارے نے کمزور طبقات کو باوقار زندگی گزارنے کے لیے درکار ضروری وسائل اور خدمات تک رسائی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔