معمر سعودی خاتون جو روایتی دستکاری کو زندہ رکھے ہوئے ہیں
اپنے فن کو علاقے کی خواتین میں بھی منتقل کررہی ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی العلا کمشنری میں 80 سالہ خاتون آج بھی علاقے کی دستکاری کو نہ صرف زندہ رکھے ہوئے ہیں بلکہ اسے دیگر خواتین تک بھی منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔
عاجل نیوز کے مطابق عیدہ البلوی ایک معمرخاتون ہیں، جن کا بچپن اور جوانی صحرا میں گزرا۔ بادیہ نشین ہونے کی وجہ سے وہ روایتی دستکاری میں کافی مہارت رکھتی ہیں۔
عیدہ البلوی نے روایتی دستکاری بچپن میں ہی سیکھ لی تھی جس میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بہتری آتی گئی۔ گزشتہ 20 برسوں سے وہ علاقے کی راویتی اشیا تیار کرنے میں مصروف ہیں۔
معمر خاتون اپنے فن کو علاقے کی خواتین میں بھی منتقل کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’کوشش ہے کہ یہ فن نسلوں میں بھی منتقل ہو، اسی لیے علاقے کی خواتین کو اس جانب راغب کرنے کے لیے انہیں باقاعدہ ٹریننگ دینے میں مصروف ہوں۔‘
سعودی خاتون نے مقامی اور ملکی سطح پر متعدد نمائشوں میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے ہاتھ سے بنائی گئی متعدد اشیا سے لوگوں کو متعارف کرایا۔
وہ کشیدہ کاری کے ذریعے دستی بیگز اور سویٹرز وغیرہ انتہائی مہارت سے بناتی ہیں جو بے حد پسند کیے جاتے ہیں۔