اسلام آباد .. پاکستان کو یو نیسکو کے4 مختلف ذیلی اداروں کا رکن منتخب کر لیا گیا۔ پاکستان کا انتخاب پیرس میں یونیسکو کی جنرل کانفرنس کے دوران عمل میں لایا گیا۔ منگل کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یونیسکو کے اداروں کیلئے پاکستان کا انتخاب نہ صرف کثیرالجہتی فورمز میں پاکستان پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے بلکہ یونیسکو کے اندر پاکستانی قیادت کے تعمیری کردار پر عالمی برادری کے اعتماد کا عکاس بھی ہے۔ ترجمان کے مطابق یو نیسکو کے مختلف اداروں کے رکن کی حیثیت سے پاکستان دیگر رکن ممالک کیساتھ فعال اور متحرک روابط اور تعلیم،سائنس اور ثقافت کو فروغ دینے کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔