ریاض......غیر قانونی تارکین سے پاک وطن قومی مہم کے تحت دو ہفتوں کے دوران اقامہ و محنت قوانین اور سرحدی سلامتی کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے 99ہزار 135غیر ملکی گرفتار کر لئے گئے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ قومی مہم 26صفر 1439ھ کو بدھ کے روز شروع کی گئی تھی۔ 9ربیع الاول 1439ھ پیر کی شام تک مبینہ گرفتاریاں عمل میں آئیں۔ مملکت بھر میں اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالے 57546،سرحدی سلامتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنےوالے 17303 اور محنت قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالے 24286پکڑے گئے۔ علاوہ ازیں 1325درانداز گرفتار کئے گئے۔ ان میں 79فیصد یمنی ، 20فیصد ایتھوپین اور ایک فیصد دیگر ممالک کے ہیں۔ 564دراندازوں کو بیدخل کر دیا گیا۔ 29افراد کو سعودی عرب سے غیر قانونی طریقے سے سرحد پار کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ اقامہ و محنت قوانین اور سرحدی سلامتی کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کوسفر، رہائش اور پناہ دینے میں ملوث 376افراد کو گرفتار کیاگیا۔ مذکورہ سرگرمیوں کے شبہ میں 48سعودیوں کو گرفتار کیا گیا۔29کو فوری سزائیں دے کر چھوڑ دیا گیا۔ دیگر 19سعودیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ 12075غیر قانونی تارکین کیخلاف بیدخلی کی کارروائی ہو رہی ہے۔ ان میں 10970مرد اور 1100خواتین ہیں۔ 14997تارکین کو بیدخل کر دیا گیا۔ 9590کو فوری سزائیں دیدی گئیں۔ 12395کو سفری دستاویزات حاصل کرنے کیلئے سفارتی مشنوں کے حوالے کر دیا گیا۔ 12808کو سفر کی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔