اوٹاوا۔۔۔ کینیڈا کی ایک عدالت نے خواتین کے نقاب پر پابندی کا قانون معطل کردیا۔ نقاب کا قانون معطل کرنے کا حکم دیتے ہوئے جج بابک بارین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے واضح گائیڈ لائنز اور استثنیٰ دیئے جانے کی وضاحت تک یہ قانون معطل رہے گا۔واضح رہے کہ رواں برس اکتوبر میں کینیڈا کے صوبے کیوبیک کی حکومت کی جانب سے منظور کیے جانے والے قانون کے تحت اساتذہ، طالبات، پولیس، اسپتال اور دیگر شعبوں سے منسلک خواتین پر نقاب پہننے کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔ اگرچہ اس قانون میں کسی خاص مذہب کا ذکر نہیں کیا گیا تھا، تاہم اس پر بحث کا آغاز ہوگیا تھا کہ کیونکہ چہرے کا نقاب زیادہ تر مسلمان خواتین کرتی ہیں۔کیوبیک کی لبرل حکومت نے عدالت میں اس قانون کا دفاع کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ اس قانون میں مسلمان خواتین کیساتھ امتیازی سلوک نہیں برتا گیا، ساتھ ہی سیکیورٹی، شناخت اور کمیونیکیشن کے لیے اس قانون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔