سومناتھ.... بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ گجرات کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو یوپی کے بلدیاتی انتخابات سے کہیں زیادہ کامیابی حاصل ہوگی۔ یہاں پارٹی کی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیت شا ہ نے کہا کہ 18دسمبر کو گجرات کے جو انتخابی نتائج سامنے آئیں گے ان سے اپوزیشن بھی حیران رہ جائیگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس طرح کے دعوے کئے جارہے ہیں اپوزیشن اور انکے حامی ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔اسمبلی نتائج یوپی کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کی طرح ہر ایک کیلئے حیران کن بن جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ کہنا زیادہ بہتر ہوگا کہ گجرات کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا یوپی کے بلدیاتی انتخابی نتائج سے موازنہ ہی نہیں کیا جاسکتا۔ گجرات اور ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کے نتائج 18 دسمبر کو سامنے آئیں گے۔ امیت شاہ کے بیان سے صاف ظاہر ہے کہ بی جے پی کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں جیت پرگجرات میں جم کر تشہیر کی جائیگی اور ریاست میں کانگریس کو کمزور ثابت کرنے کی کوشش ہوگی۔ واضح رہے کہ اس وقت گجرات میں بی جے پی کا کانگریس کیساتھ سخت مقابلہ ہے اور ایسی اطلاعات بھی مل رہی ہیں کہ اس مرتبہ ریاست میں بی جے پی کا اقتدار ختم ہوجائیگا۔ امیت شاہ نے کہا کہ یوپی کے بلدیاتی انتخابات میں کانگریس نے ایک بھی سیٹ نہیں جیتی جبکہ دوسر ی جانب وزیراعظم نریندر مودی اور یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں بی جے پی کا جھنڈا بہت اونچا لہرا رہا ہے۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے ریاست کے 16میئرز میں سے 14 پر قبضہ کرلیا ہے۔ امیت شاہ نے کہا کہ کانگریس گزشتہ 3ماہ سے کہہ رہی ہے کہ گجرات میں ”کانگریس آوے چھے“ لیکن یوپی کے لوگوں نے بتادیا کہ” کانگریس جاوے چھے“ ۔انہوں نے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس تو اس طرح سے ہاری ہے کہ بی جے پی نے راہول بابا کی امیٹھی نگر پنچایت کی سیٹ بھی اپنے قبضے میں کرلی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گجرات میں بی جے پی کو 150سے زائد سیٹیں ملیں گی او روہ اپنی حکومت برقرار رکھے گی۔