اسلام آباد...وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ فوجی آمریت اورفوج کے پیشہ ورانہ کردارمیں زمین آسمان کافرق ہے۔فوج کا کردار ملک کی سلامتی کے لئے ہونا چاہیے، سیاست میں نہیں۔ 16 وزرائے اعظم کوالزامات لگاکرنکالا گیا۔ پرویزمشرف کا احتساب کیوں نہیں ہوا؟کیا کبھی کسی دوسرے ادارے کے سربراہ کو نکالا گیا؟ کیوں افتخار محمد چوہدری کے بیٹے کا احتساب نہیں ہوا؟اتوار کو اسلام آباد میں جاوید ہاشمی کی کتا ب کی تقریب رونمائی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی کا مسلم لیگ سے جدا ہونا ہمارے لئے اذیت کا لمحہ تھا۔جاوید ہاشمی سے میرا تعلق کبھی نہیں ٹوٹ سکتا۔ سیاسی جدوجہد کرنے والے لوگوں کو سینے سے لگا کر رکھنا چاہیے۔جاوید ہاشمی کی سیاسی اہمیت سے کوئی انکارنہیں کرسکتا۔جاوید ہاشمی جیسے سیاستدان سر کا تاج ہوتا ہے۔ ان کی سیاسی خدمات کو کوئی کم نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔آئین کی سربلندی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔نظریہ ضرورت دفن نہیں ہوا ا سے دفن کرنا ہوگا۔نظریہ ضرورت کو پاکستانی قوم کبھی قبول نہیں کرے گی۔ انہوںنے کہا کہ کوئی مصنوعی سیاسی جماعت زیادہ دیرتک نہیں چل سکتی۔پی ایس پی کا کچھ نہیں بننے والا جومرضی کرلیں۔بہترہوتا ایم کیوایم کے لوگوں کوخود فیصلہ کرنے دیا جاتا۔ بہتر ہوتا کہ سیاسی جماعتوں کو فیصلے خود کرنے دیئے جائیں۔سیاسی جماعت کون لیڈ کون کرے گا اس کا فیصلہ سیاسی ورکر کرے گا۔ سیاست آزادی سے کرنے دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چند لوگ پاکستان کی قسمت کا فیصلہ نہیں کریں گے،کب تک ایسا نظام چلے گا؟پاکستان اداروں کی باہمی لڑائی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ اپنی جماعتوں میں جمہوری رویوں کوپروان نہیں چڑھاسکے۔جماعتوں کوچلنے دیا جائے انہیں توڑا نہ جائے۔محترمہ کی شہادت کے بعد مصنوعی لیڈرشپ بنانےکی کوشش کی گئی،ہم گلی کے ووٹر کو حق حاکمیت کیوں نہیں دیتے؟