حیدرآباد- - - - حیدرآباد میٹرو ریل کے حکام نے کہا ہے کہ شہر میں میٹرو ریل میں بم کی کوئی دھمکی نہیں ملی ۔ میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے امیرپیٹ میٹرو کے انٹرچینج پر بم رکھے جانے کی بعض میڈیا اطلاعات پر شدید اعتراض کیا ۔انہوں نے کہاکہ میٹرو کا ایک سیکیورٹی گارڈ اپنا بیگ بھول گیا تھا اور اس بیگ کو اسے واپس کردیا گیا۔انہوں نے کہاکہ عوام اور مسافرین کو خوفزدہ ہونے کی کوئی بھی ضرورت نہیں کیونکہ میٹرو اسٹیشنس پر سیکیورٹی اقدامات کے حصہ کے طور پر معمول کے مطابق یہ تلاشی لی گئی۔واضح رہے کہ اتوار کو اُس وقت اس اسٹیشن پر سنسنی پھیل گئی جب مذکورہ بیگ ایک گھنٹہ تک اسٹیشن پر دیکھا گیا ۔میٹرو ریل کے افسروں نے پولیس کو اطلاع دی جسکے بعد بم اسکواڈ وہاں پہنچا جس نے وہاں تلاشی لی ۔اس بیگ میں ایک ہیلمٹ اور کپڑے پائے گئے جس کے بعدمسافرین نے راحت کی سانس لی۔ تلنگانہ کے ڈی جی پی مہندر ریڈی نے کہاکہ حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ کمشنریٹ کے تحت تمام میٹرو اسٹیشنس پر سیکیورٹی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔