لاہور... پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں،یہ انصاف کی فتح ہے۔ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے کا حکم مظلوموں کو انصاف کی فراہمی کی طرف اہم قدم ہے۔ رپورٹ کی کاپی ملنے کے بعد جائزہ لیں گے اور حتمی لائحہ عمل طے کرینگے ۔شہدائے ماڈل ٹاون کے ورثاءاور کارکنان پرامن طریقے سے بدھ کوسول سیکرٹریٹ جائیں گے اور رپورٹ کی مصدقہ کاپی مانگیں گے ۔ہمارا احتجاج پرامن ہو گا ۔میرا کنٹینر بھی تیار ہے۔ رپورٹ میں سے کچھ ڈیلیٹ کرنے والے خود ڈیلیٹ ہو جائینگے۔ جو کہتے ہیں عدالتی فیصلوں سے قیادت نہیں بدلتی انہیں شرم آنی چاہیے۔لاشیں گرانے اور انسانیت کا خون بہانے والی نام نہاد قیادت اب ہر حال میں کیفر کردار کو پہنچے گی۔ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تھا کہ انگلی بھی اٹھی تو مستعفی ہو جاﺅں گا ۔یہ سارے بیانات ریکارڈ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سانحہ ماڈل ٹاون کی منصوبہ بندی میں شامل ہیں۔ ان کے بغیر اتنا بڑا اقدام نہیں ہو سکتا۔ سانحہ سے قبل وزراءکے دھمکی آمیز بیانات ان کے ارادوں کوظاہر کررہے تھے کہ وہ خون کی ہولی کھیلنے کی منصوبہ بندی کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کی ایف آئی آر سابق آرمی چیف کے حکم پر درج ہوئی تھی۔ ہمارا ہدف قصاص ہے۔ اس کے لئے کسی حد تک بھی جائینگے۔پرامن طریقے سے قانونی جنگ لڑی ہے اور صبر کا دامن ہاتھ سے جانے نہیں دیا ۔