Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی مردم شماری کے مطابق حج کوٹہ بڑھانے کیلئے مذاکرات

اسلام آباد... وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ نئی مردم شماری کے مطابق پاکستان کا حج کوٹہ بڑھانے کیلئے سعودی حکام کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ پچھلے سال پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 89 ہزار 210 تھا ۔ نئی مردم شماری کے مطابق کوٹہ دیا گیا تو امید ہے 27 ہزار مزید حاجیوں کو حج کی سعادت حاصل ہو گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر انہوںنے کہا کہ پاکستانی حاجیوں کیلئے حرم شریف کے نزدیک گروپ کی شکل میں مکتب حاصل کرنے کیلئے بھی بات چیت جاری ہے۔انہوں نے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور امر یکی سفارتخانہ وہاں منتقل کرنے کے اعلان کی مذمت کی اور کہا کہ ٹرمپ کے اس اقدام سے پوری مسلم امہ سمیت سب کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ 2018ءکی حج پالیسی پر کام جاری ہے۔ عمرہ زائرین کیلئے بائیومیٹرک تصدیق کی شرط کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سعودی سفارتخانے سے کہا ہے کہ جو کمپنی بائیو میٹرک تصدیق کرے گی وہ پاکستان میں ضلعی سطح پر اپنے مراکز قائم کرے ۔ پاکستان میں عمرہ زائرین کی بائیو میٹرک تصدیق ہو جائے تو پھر ائیرپورٹ پر اس کی ضرورت نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہند، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک کو بائیومیٹرک تصدیق سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے تو پھر پاکستان کو بھی مستثنیٰ قرار دیا جانا چاہئے۔

شیئر: