کاروباری مالیت 25فیصد فروغ کے بعد 21ارب ریال تک پہنچ گئی، ڈیویڈنڈ کے اعلانات
غیاث الدین۔جدہ
سعودی اسٹاک مارکیٹ میں پچھلے ہفتے تیزی برقرار رہی۔ تداول آل شیئر انڈیکس 117پوائنٹس کے مدوجزر کے بعد 81.54پوائنٹس کے اضافہ کے بعد 7085.51پوائنٹس پر بند ہوا۔ سودوں اور حجم میں بالترتیب 23فیصد اور 43فیصد کا اضافہ نوٹ کیا گیا۔ کاروباری مالیت 25فیصد فروغ کے بعد 21ارب ریال تک پہنچ گئی۔ قیمتوں میں اضافہ کے بعد 1673ارب ریال تک پہنچ گئی۔ گزشتہ ہفتے بھی 178کمپنیوں کے حصص کی خرید و فروخت ہوئی جن میں دارالارکان کو ہر لحاظ سے فوقیت حاصل رہی۔ دارلارکان حجم اور ویلیو کے لحاظ سے ٹاپ پر رہی۔ اس کمپنی نے 370ملین حصص کا کاروبار ہوا جو سب کمپنیوں میں سب سے زیادہ ہے۔ اس طرح کاروباری مالیت کے لحاظ سے بھی ٹاپ پر رہی جس میں 4.1ارب ریال کی سرمایہ کاری کی گئی جو کل سرمایہ کاری کا 19.5فیصد حصہ بنتا ہے۔ دارلارکان منافع کے لحاظ سے بھی سرفہرست رہی جس کی قیمت 34.87فیصد کے گرانقدر اضافے کے بعد 12.84ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ نقصان کے لحاظ سے میڈ گلف انشورنس ٹاپ پر رہی جس کی قیمت 6.95فیصد کمی کے بعد 26.91ریال پر بند ہوئی۔ انرجی سیکٹر میں سب سے زیادہ فائدہ پیٹرورابغ کو ہوا جس کی قیمت 4.89فیصد فروغ کے بعد 14.37ریال تک پہنچ گئی۔ میٹریلز سیکٹر میں کیمافول کو سب سے زیادہ پذیرائی ملی۔ جس کی قیمت 17.71فیصد اضافے کے بعد 8.84ریال پر بند ہوئی۔ اس سیکٹر میں تاسنی کو سب سے زیادہ نقصان ہوا جس کی قیمت 4.94فیصد انحطاط کے بعد 14.61ریال تک گر گئی۔ صدافکو نے اپنے سالانہ نتائج کے ساتھ 20فیصد ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا او ر اس کی قیمت 2.15فیصد کمی کے بعد 127.20ریال پر آگئی۔ ایڈوانسڈ پیٹروکیمیکل نے 7فیصد ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا اور اس کی قیمت میں 0.09فیصد کا معمولی اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد اس کی قیمت 46.22ریال پر بند ہوئی۔