بدترین شکست نے آنکھیں کھول دیں، ہندوستانی کپتان
دھرم شالہ:ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے قائم مقام کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ پہلے ون ڈے میں بدترین شکست آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے اب ہمارے پاس مزید غلطی کی گنجائش نہیں ۔ بطور کپتان اپنے پہلے ہی میچ میںشکست پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ ایسے میچ ہمیں اپنی غلطیوں اور خامیوں پر نظر ڈالنے کا موقع فراہم کرتے ہیں اس سے سبق سیکھنا ہوگا۔ روہت شرما ویرات کوہلی کی عدم موجودگی میں قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں لیکن بیٹنگ لائن کی بدترین ناکامی نے اس کا مزہ کرکرا کردیا۔اگر سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی اس میچ میں سری لنکن بولرز کے سامنے کھڑے نہ ہو تے اور65رنز نہ بناتے تو میزبان ٹیم ون ڈے کرکٹ میں سب سے کم اسکور کا نیا ریکارڈ اپنے نام کر سکتی تھی۔روہت شرما نے سری لنکن بولرز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے موسم اور ماحول سے بھرپور انداز میں استفادہ کیا، آئندہ ایسی صورتحال ایسی نمٹنے کا گر سیکھنا ہوگا۔ہندوستانی کپتان کے مطابق ان کے بیٹسمینوں نے کوئی غلط شاٹ نہیں کھیلا بلکہ سری لنکن بولرز نے بالکل درست لائن لینتھ سے گیندیں کیں اور وکٹیں لیتے رہے۔دوسری جانب مہندر سنگھ دھونی نے ٹیم کو بڑی خفت سے بچانے میں کامیاب رہے۔