Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ :فرضی طیارہ حادثے کے دوران ہنگامی امدادی اقدامات کی مشق

فرضی طیارے کے حادثے کی مشق کا آغاز منگل کی صبح 10 بجے ہوا جس میں بتایا گیا تھا کہ ائیر بس 300 ائیر پورٹ رڈار سے غائب ہو گیا ہے
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) محکمہ شہری دفاع اور دیگر اداروں کے تعاون سے ائیر پورٹ گراﺅنڈ میں فرضی طیارے حادثے کے دوران ہنگامی اقدامات کی مشق کی گئی ۔ فرضی مشق کے انتظامات شہری دفاع نے کئے تھے جبکہ مشق میں سول ایوی ایشن ، گراﺅنڈ کنٹرول سمیت 20 اداروں کے اہلکاروں نے شرکت کی ۔ فرضی طیارہ حادثے کے تمام مناظر کا رواں تبصرہ مرحلہ وار کیا گیا جس سے انداہ ہو تا رہا کہ طیارہ کن مراحل سے گزر کر حادثے کا شکار ہوااور اس میں آگ لگ گئی ۔فرضی طیارے کے حادثے کی مشق کا آغاز منگل کی صبح 10 بجے ہوا جس میں بتایا گیا کہ ائیر بس 300 ائیر پورٹ رڈار سے غائب ہو گیا جس سے کسی قسم کا رابطہ نہیں ہو سکتا ۔ گراﺅنڈ کنٹرول کی جانب سے یہ اعلان بھی کیا گیا کہ طیارے میں عملے کے علاوہ 246 مسافر سوار ہیں ۔ چند لمحے بعد کنٹرول روم میں اطلاع ملی کہ طیارے کے کیبن میں آگ لگ گئی اور وہ تباہ ہو گیا ۔ فرضی طیارے میں آگ لگنے کی اطلاع ہنگامی کنٹرول روم 911 میں بھی موصول ہوئی جہاں سے ابتدائی یونٹس فوری طور پر حرکت میں آئے اور جائے حادثہ پر پہنچ گئے ۔ شہری دفاع اور سول ایوی ایشن کے امدادی یونٹس تباہ ہونے والے طیارے کی آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف ہو گئے جبکہ دیگر ہنگامی یونٹس نے امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ۔ فرضی طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 255 بتائی گئی جبکہ جس مقام پر طیارہ گرا تھا وہاں 11 افراد جاں بحق ہونے کی اطلاع دی گئی ۔ شہری دفاع اور دیگر اداروں نے ملکر فرضی طیارہ حادثے کی مشق کی جس میں آگ بجھانے کی کارروائی سمیت زخمیوں کو طبی امدادکی فراہمی اور جائے حادثہ سے عام لوگوں کو دوررکھنے کے علاوہ تباہ ہونے والے طیارے کے ملبے کو سمیٹنے کا کام شامل تھا ۔ اس حوالے سے ریجنل ڈائریکٹر شہر ی دفاع بریگیڈئیر جنرل سالم المطرفی کا کہنا تھا کہ فرضی طیارہ حادثے میں امدادی کارروائیاں بہت اہم ہوتی ہیں جس میں اعلی درجے کی مہارت درکار ہوتی ہے ۔ شہری دفاع نے دیگر اداروں کے تعاون و اشتراک سے یہ فرضی مہم کی تاکہ اہلکاروں کو حقیقی تربیت فراہم کی جاسکے ۔ جنرل المطرفی نے فرضی مشق کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا جس میں طیارے کا آبادی پر گرنا اور آگ لگنے کے امدادی کارروائی کے مراحل شامل تھے ۔ شہر ی دفاع نے فرضی مشق کےلئے مقامی میڈیا کو خصوصی دعوت دی تھی ۔ 
 

شیئر: