نئی دہلی۔۔۔۔سڑک حادثات میں زخمی ہونیوالے افراد کا علاج سرکاری و پرائیویٹ اسپتالوں میں مفت کیا جائیگا۔دہلی کی عام آدمی پارٹی حکومت نے حادثات سے متعلق پالیسی منظوری کیلئے ایل جی کو بھیج دی ہے۔ دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کہا کہ دہلی میں کسی بھی طرح کا حادثہ پیش آنے کی صورت میں چاہے وہ زخمی ہو یا آتشزدگی کا شکار ہو یا کسی تیزاب حملے میں زخمی کیا گیا ہو ، وہ شخص ملک کے کسی بھی علاقے کا رہنے والا ہو ، اس کے علاج و معالجے کے تمام اخراجات حکومت ادا کریگی۔واضح ہوکہ سرکاری اسپتالوں میں پہلے سے ہی مفت علاج کی سہولت مہیا ہے تاہم اب پرائیویٹ اسپتال بھی شامل کئے جائیں گے۔ وزیر صحت نے بتایا کہ دہلی میں سالانہ تقریباً8ہزارحادثات ہوتے ہیں جن میں 15، 20ہزار افراد زخمی ہوتے ہیں ، ان میں سے تقریباً1600افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔