Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہر قسم کا تشدد مسترد‘، امارات کی جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت

وزارت خارجہ کے بیان میں سانحے کے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا گیا ہے (فوٹو: روئٹرز)
متحدہ عرب امارات نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس ٹرین پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔
یو اے ای کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان میں دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے، جس کے نتیجے میں درجنوں معصوم افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔‘
بیان میں زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’یو اے ای ایسی مجرمانہ کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے اور ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کو مستقل طور پر مسترد کرتا ہے۔ ایسی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور ان کا مقصد امن و امان کی صورت حال خراب کرنا اور عدم استحکام لانا ہے۔‘
وزارت کی جانب سے پاکستانی حکومت، عوام اور واقعے کے متاثرین اور ان کے خاندان والوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی گئی ہے۔
اس سے قبل امریکہ، یورپی یونین بھی بلوچستان میں ٹرین پر حملے کی مذمت کر چکے ہیں۔
بدھ کو پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے ایکس پر کی گئی پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ہم جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملے اور مسافروں کو یرغمال بنانے کے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
اس طرح پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہیں اور متاثرین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔‘
 

شیئر: