ریاض۔۔۔۔2ہفتے بعد نجی اداروں کے غیر ملکی ملازموں سے ماہانہ 400ریال کی وصولی شروع کردی جائیگی۔ یہ وصولی 2018کے قومی بجٹ کے تحت ہوگی۔ وزارت خزانہ نے ٹویٹر کے اکاؤنٹ پر واضح کرتے ہوئے کہا کہ نجی اداروں کے غیر ملکی کارکنان سے وصول کی جانیوالی مذکورہ رقم سعودی عملے کی تقرری پر آنیوالے اخراجات میں صرف کی جائیگی۔ ایسی نجی کمپنی جس میں غیر ملکی کارکنان کی تعداد سعودی ملازمین کی تعداد سے زیادہ ہوگی اس سے فی غیر ملکی کارکن ماہانہ 400ریال وصول کئے جائیں گے جبکہ سعودی کارکنان سے غیر ملکی ملازمین کی تعداد کم ہونے کی صورت میں فی غیر ملکی کارکن ماہانہ 300ریال لئے جائیں گے۔ 2019ء کے دوران ایسی کمپنی سے جس میں سعودی ملازمین کی تعداد غیر ملکیوں سے کم ہوگی فی غیر ملکی کارکن 600ریال اور ایسی کمپنی سے جس میں غیر ملکی ملازمین کی تعداد سعودی کارکنان سے کم ہوگی فی غیر ملکی کارکن500ریال ماہانہ وصول کئے جائیں گے۔2020ء میں ایسی کمپنیوں سے جن میں غیر ملکی ملازمین کی تعداد سعودیوں سے زیادہ ہوگی فی غیر ملکی کارکن800ریال ماہانہ لئے جائیں گے اور اگر کمپنی میں غیر ملکی ملازمین کی تعداد سعودی کارکنان سے کم ہوگی تو ایسی حالت میں فی غیر ملکی کارکن 700ریال وصول کئے جائیں گے۔