جدہ ( ارسلا ن ہاشمی ) متحدہ عرب امارات کے زیر انتظام قائم " لولو "گروپ کی 142 ویں ، مملکت میں 11 ویں اور جدہ میں دوسری ہائپر مارکیٹ کا افتتاح بدھ کی صبح کیا گیا ۔ ا س موقع پر گروپ کے اعلی عہدیداران، ایوان صنعت وتجارت کی اعلی اور دیگر اداروں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی ۔ اس موقع پر گروپ کے چیئر مین یوسف علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین انداز میں کام کررہے ہیں تاکہ مقررہ اہداف حاصل کئے جائیں ۔مملکت کی جانب سے بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے جو اقدامات کئے گئے ہیں وہ مثالی ہیں ۔ لو لو گروپ کا ہدف ہے کہ 2020 تک مملکت میں لو لو ہائپر مارکیٹ کی تعداد 20 تک پہنچ جائے ۔ 2018 میں ریاض ، دمام اور تبوک میں مزید 6 ہائپر مارکیٹس کھولی جائیں گی ۔ لو لو گروپ کے کارکنوں میں اس وقت 2400 سعودی ہیں جن میں سے 1100 خواتین کارکن شامل ہیں ہیں ۔ لو لو گروپ کا منصوبہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ سعودی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں جس کیلئے 2020 تک ہمارا ہدف 5 ہزار سعودی کارکنوں کو روزگار فراہم کرنا ہے۔ 2024میں یہ ہدف 10 ہزار تک پہنچ جائے گا ۔ گروپ کے چیئر مین یوسف علی نے مزید کہا کہ اب تک گروپ کی جانب سے 8 سو ملین ریال کی سرمایہ کاری کی جاچکی ہے ۔ 2019 میں 500 ملین ریال کی مزید سرمایہ کاری کی جائے گی جس کے ساتھ ہماری سرمایہ کاری 1.3 ارب ریال کی ہو جائے گی ۔ یوسف علی نے مزید کہا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی بصیرت و مثالی قیادت نے مملکت میں ترقی کے باب وا کئے ہیں ۔ ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت کا جو وژن پیش کیا ہے وہ مثالی ہے جس سے سعودی عرب کی ترقی یقینی ہو گی ۔ نئی " لو لو ہائپر مارکیٹ " جدہ کے شمالی علاقے میں حرمین شاہراہ پر کھولی گئی ہے جس کا رقبہ 250000 مربع فٹ ہے ۔ افتتاحی تقریب میں لو لو گروپ کے سی ای او سیفی روپاولا ، ایگزیکیٹو ڈائریکٹر اشرف علی ایم اے ، لو لو سعودی عرب کے ڈائریکٹر شمیم محمد کے علاوہ گروپ کے دیگر اعلی عہدیدار اور اہم شخصیات نے شرکت کی ۔