Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مبارک دن کا جشن۔۔۔۔۔سعودی اخبارکا اداریہ

سعودی عرب سے 21دسمبر 2017جمعرات کو شائع ہونیوالے جریدے عکاظ اور الریاض کے اداریے کا ترجمہ نذر قارئین ہیں
مبارک دن کا جشن۔۔۔۔عکاظ
    آج ہمارا ملک خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے تیسرے یوم بیعت کا جشن منا رہا ہے۔یہ مبارک دن کا جشن ہے۔ یہ وطن عزیز کیلئے قائد اعلیٰ کے کاروان قیادت کی تائید و حمایت کا جشن ہے۔ یہ روشن عہد پر خوشی منانے کا دن ہے۔ یہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی سے متعلق عظیم الشان کارناموں کے ذکر جمیل کا دن ہے۔ یہ تمام شعبوں میں ہر سطح پر مستقبل کی تشکیل اور تجدید کے عہد کا دن ہے ۔ شاہ سلمان نے ریکارڈ وقت میں وطن عزیز کیلئے تاریخی اقدامات کئے تاکہ سعودی عرب تعمیر و ترقی کے نئے افق سر کرسکے۔
    شاہ سلمان کے زمانے میں وطن عزیز نے برق رفتار ترقیاتی کارنامے دیکھے۔ تبدیلیاں مشاہدہ کیں۔ عظیم الشان ریکارڈ کارنامے انجام پائے۔ وطن عزیز میں ہمہ جہتی اور مکمل تعمیر و ترقی کے مناظر دیکھنے میں آئے۔ سعودی وژن 2030کے تناظر میں نئی نسلوں اور مستقبل سے دلچسپی سامنے آئی۔ وطن عزیز کے کارناموں کے تحفظ ، قدرتی وسائل کے فروغ کی بابت سعودی قیادت کا عزم ابھر کر سامنے آیا۔ شاہ سلمان کے مبارک عہد میں سعودی عرب کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ پیش کیا گیا۔ وطن ، ہم وطن کے مفاد اور امن و استحکام کے حوالے سے فیصلوں کا مربوط سلسلہ دیکھا گیا۔ دہشتگردی و بدعنوانی کے انسداد ، خطے کو درپیش امن چیلنجوں سے نمٹنے ،ملکی اقتصاد کو ترقی دینے ، خواتین کو ان کے حقوق دلانے ، وطن کو آگے بڑھانے اور اطراف کے علاقائی ملکوں میں آنے والے طوفانی تغیرات اور واقعات و خطرات سے وطن کو بچانے کیلئے مسلسل جدوجہد ریکار ڈ پر آئی۔
    شاہ سلمان نے عالم عربی،علاقائی ممالک اور دنیا بھر میں سیاسی و اقتصادی اعتبار سے سعودی عرب کے مقام اور حیثیت کو مضبوط بنانے میں حصہ لیا۔ سعودی عرب نے شاہ سلمان کے مبارک عہد میں عرب دنیا اور عالم اسلامی میں مثبت قائدانہ کردار بڑے پیمانے پر ادا کیا۔ عالمی تنظیموں اور اداروں کے فیصلوں میں حصہ لیا۔ کل ملاکر انہوں نے سعودی عرب کو اس کی بین الاقوامی حیثیت دلانے میں کامیابی حاصل کی۔ یہ حیثیت سعودی عرب کے شایان شان بھی ہے اور اسے عزیز بھی۔
* * * * * * *
 
   عزم و محکم و عمل پیہم کے مالک حکمراں!۔۔۔۔الریاض
 سعودی عرب آج خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کے برسراقتدار آنے کی تیسری سالگرہ منا رہا ہے۔ سعودی عوام روشن مستقبل کے حوالے سے پر امید نظر آرہے ہیں اور 3برس کے دوران جو کچھ ہوا اس پر مسرت و خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔ داخلی و خارجی سطحوں پر انجام پانے والے کارناموں پر اطمینان کا اظہار کیا جارہا ہے۔
    شاہ سلمان نے بیعت کے روز اول ہی سے جامع اصلاحات، ریاستی اداروں کی کارکردگی کامعیار بلند کرنے اور ریاستی اداروں کو حال و مستقبل کے تقاضے پورے کرنے کا اہل بنانے کیلئے عظیم الشان منصوبہ جاری کیا تھا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ نئی نسل کو قیادت اور ذمہ داری کے مواقع مہیا کرینگے۔ انہوں نے طے کیا تھا کہ مستقبل کی ریاست میں روایتی عمل اور لکیر پرستی سے آزادی دلائیں گے۔
    گزشتہ 3برسوںکے دوران بہت سارے کام انجام پائے۔ کئی ایسے موضوعات کی فائلیں کھلیں جن کا کھلنا نہایت ضروری تھا۔ انسدادبدعنوانی کا سلسلہ شروع ہوا، افرادی و اقتصادی وسائل کے مثالی استعمال، انصاف کے حصول اور خواتین کو ملکی تعمیر و ترقی میں حصہ دار بنانے جیسے اقدامات کئے گئے۔ تمام سعودی ان سارے اقدامات کے متمنی تھے۔ مستقبل کی منصوبہ بندی کی گئی۔ تیل پر قومی آمدنی کا انحصار ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔ سعودی وژن 2030پیش کرکے اسکے مقاصد کے حصول کا اہتمام کیا گیا۔
    اندرون ملک کافی کچھ تیزی سے نمٹایا گیا۔ سیاسی سطح پر متعدد کامیابیاں حاصل کی گئیں۔ عالمی سطح پر سعودی عرب کی حیثیت منوائی گئی۔ مملکت نے اسلامی عرب اتحادکی قیادت کی اسی کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی طاقتوں اور بڑے ملکوں کے ساتھ شراکت کے رشتے استوار کئے۔ عربوں اور مسلمانوں کے مسائل کے حل میں ان سب سے فائدہ اٹھایا۔
    ریاض میں 3تاریخی کانفرنسیں منعقد کیں۔ ان کانفرنسوں نے سعودی عرب کو بین الاقوامی فیصلہ سازی کے مرکز میں تبدیل کردیا۔ یہ کانفرنسیں دنیا بھر کے ملکوں کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات کے مستقبل کے حوالے سے بنیاد کا پتھر بن گئیں۔ اس کی بدولت سعودی عرب کا سیاسی گراف بلند ہوگیا۔ اس نے عالمی امن و سلامتی کے حصول اور مشترکہ مفادات کیلئے بین الاقوامی طاقت کے مراکز کے ساتھ شراکت اور تعاون کے دروازے کھولے۔
    شاہ سلمان کا دور یقین محکم اور عمل پیہم کی پہچان بنانے میں کامیاب رہا۔ اس کی بدولت مملکت نے درپیش بحرانوں اور چیلنجوں کا کامیابی سے  سامنا کیا۔ مملکت کو امن و امان کا گہوارہ بنا دیا۔ روشن مستقبل کیلئے اقتصادی و ترقیاتی منصوبوں کے مرکز میں تبدیل کردیا۔
 

شیئر: