اسکواش اوپن میں پاکستانی کھلاڑی کا سفر ختم
جمعرات 21 دسمبر 2017 3:00
اسلا م آباد:پاکستان اوپن انٹرنیشنل مینز اسکواش چیمپیئن شپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی پاکستانی کھلاڑی کوارٹر فائنل تک نہیں پہنچ سکا اور اس سے پہلے ہی پاکستانی کھلاڑیوں کا سفر ختم ہوگیا جبکہ چیف آف ایئر اسٹاف ویمن اسکواش چیمپیئن شپ کی سیمی فائنلز لائن اپ مکمل ہوگئی۔اسلام آباد کے مصحف علی میر اسکواش کمپلیکس میں جاری 50ہزار ڈالرز انعامی مالیت کے ٹورنامنٹ میں کوئی پاکستانی کھلاڑی کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکا۔ دوسرے راونڈ میں فرحان زمان کو مصر کے مازن ہشام کے ہاتھوں 0-3سے شکست ہوگئی، ایک اور پاکستانی کھلاڑی احسن ایاز کو بھی مصری پلیئر زاہد محمد نے1-3 کے فرق سے ہرادیا۔ طیب اسلم کو بھی مصری کھلاڑی محمد ابوالخیرنے شکست سے دوچار کیا۔ایونٹ میں مصر کے مروان الشورباگی، محمدابوالخیر اورملائیشیا کے اینگ پاووکوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔دوسری جانب چیف آف ایئر اسٹاف ویمن اسکواش چیمپیئن شپ کی سیمی فائنلز لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔ ٹاپ سیڈ ہانگ کانگ کی اینیی ایو، آسٹریلیا کی رچل گن ہم، مصر کی روان ا لاعرابی اور ملائیشیا کی سواسنگری آخری 4 کھلاڑیوں میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔