اسلام آباد...پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ28دسمبر کو اے پی سی ہوگی۔ تمام جماعتوں کی مرکزی قیادت کو شرکت کی دعوت دے دی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ریکارڈ کے مطابق ماڈل ٹاون میں 45تھانوں، چوکیوں کی 809 کی نفری نے آپریشن میں حصہ لیا۔ ان میں 204 اسپیشل فورسز کے ا سنائپرز اور شوٹرز شامل تھے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ بھاری نفری بیرئرز ہٹانے کے لئے تھی؟ کیا اتنی بھاری نفری کی تعیناتی وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم کے بغیر ممکن تھیں ؟۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور نواز شریف ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔دونوں میں کوئی فرق نہیں۔شہباز شریف کا وزیر اعظم بننا تو دور کی بات میں انہیں سانحہ ماڈل ٹاون میں لٹکتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔ماڈل ٹاون کا کیس سو کیسوں پر بھاری ہے۔شیخ رشید نے اس موقع پر کہا کہ طاہر القادری کے ہر فیصلے اور حکم کے ساتھ ہیں وہ جو فیصلہ کریں گے اس پر پہرہ دیں گے۔شہباز شریف کی ماڈل ٹاون کیس میں جان نہیں چھوٹے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں بھائی ڈبل گیم کر رہے ہیں۔ایک تعریفیں کرتا ہے۔دوسرا فوج اور عدلیہ کو گالیاں دیتا ہے۔ شاہد خاقان عباسی بھی وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں ۔