ٹی ٹین لیگ نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے
دبئی : شارجہ کرکٹ گراونڈ پر کھیلی گئی ٹی ٹین لیگ کو تمام شائقین کرکٹ نے بے حد پسند کیا۔ ساتھ ہی یہ کرکٹ کے شوقین افراد کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوئی۔اس لیگ میں دنیائے کرکٹ کے کئی نامور کھلاڑی شامل تھے۔ ان میں بوم بوم شاہد آفریدی ، ہندوستانی سابق اوپنر وریندر سہواگ، پاکستان کے مایہ ناز بلے باز شعیب ملک، پاکستان کے سب سے کامیاب ٹیسٹ کپتان مصباح الحق، ابھرتے ہوئے نوجوان بولر حسن علی، بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال، انگلش کپتان این مورگن اور ویسٹ انڈین آل راونڈر ڈیوائن براوو شامل تھے۔اس لیگ کے دوران لالی وڈ اور بالی وڈ کے اسٹار بھی سپورٹ کے لیے شارجہ اسٹیڈیم میں نظر آئے۔ ان بڑے ناموں میں ابرار الحق، عدنان صدیقی، بپاشا باسو، فہد مصطفی، ہمایوں سعید، حمائمہ ملک، کپل شرما، کِرتی سنن، سشمیتا سین، سنی لیون، زرین خان، مہوش حیات، ماروہ ، عروہ حسین اور دیگر شامل تھے۔اس ایونٹ میں جہاں بلے بازوں نے چھکوں اور چوکوں سے مداحوں کا خون گرمایا وہیں اس ایونٹ کو 2.8 ملین افراد نے آن لائن دیکھا جو ایک ریکارڈ ہے۔یاد رہے اس سے قبل پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان ستمبر میں ہونے والے آزادی کپ کے مقابلوں کو 1.1 ملین لوگوں نے آن لائن دیکھا تھا۔