کراچی(صلاح الدین حیدر، ) اگر دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ٹیم پر سرسری نظر ڈالی جائے تو اس سے پتہ چلتا ہے کہ ٹیم میں 4 اوپنرز لئے گئے ہیں۔ اظہر علی، فخر زماں، محمد حفیظ اور ا مام الحق۔ 4 پیسرز ہیں جن میں محمد عامر، حسن علی، عامریامین اور رومان رئیس شامل ہیں ۔اسپنرز میں شاداب خان، محمد نواز اور حارث سہیل شامل ہیں۔ تجزیہ کیا جائے تو پاکستانی ٹیم کو کیویز کی موجودہ فارم دیکھتے ہوئے مشکل کا سامنا ہوگا جس نے ویسٹ انڈیز کیخلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ نہ صرف ٹیسٹ بلکہ محدود اوور ز کے میچوں میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی۔ دوسری بات یہ کہ نیوزی لینڈ کی وکٹیں پہلے سے زیادہ باؤنسی ہیں اگر ان پر کم گھاس ہوئی تو یہ پاکستانیوں کیلئے مزید چیلنج کا باعث ہوگی کیونکہ میزبان ملک میں تیز ہوا کے نتیجے میں گیند سوئنگ ہوگی۔ پاکستانی بیٹسمینوں کو اپنے کھیل سے عزم اور توجہ کی ضرورت ہوگی کیونکہ گیند کرانے کیلئے یہ بات ضروری ہوگی۔ ہوسکتا ہے کہ محمد حفیظ نمبر 3 پر بیٹنگ کریں جبکہ بابر اعظم، شعیب ملک ، شاداب اور سرفراز مڈل آرڈر میں ایک قوت بن کر سامنے آسکتے ہیں۔ درحقیقت کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ سرفراز کو اپنی معمول کی ساتویں پوزیشن کے بجائے پانچویں نمبر پر کھیلنا چاہیئے کیونکہ وہ اپنے شاندار فٹ ورک سے مخالف کو پریشان کرسکتے ہیں اور یوں بیٹنگ لائن اپ کو بھی تقویت ملے گی۔