مسابقی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے پاکستان کی نجی ایئرلائن فلائی جناح اور شارجہ کی ایئرلائن ایئر عربیہ کو جوائنٹ وینچر کرنے کی اجازت دے دی ہے جس کے تحت دونوں ایئر لائنز پاکستان میں ٹی3 فلائٹ اکیڈمی بنائیں گی جہاں پائلٹس اور عملے کو تربیت فراہم کی جائے گی۔
پیر کو مسابقی کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سی سی پی نے فلائی جناح سروسز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور ایئر عربیہ اکیڈمی ایل ایل سی کے درمیان جوائنٹ وینچر کی منظوری دے دی ہے۔ مذکورہ دونوں کمپنیاں پاکستان میں ہوا بازی کی تربیت کی خدمات پیش کرنے کے لیے ایک نیا تربیتی ادارہ، فلائی جناح ٹی3 فلائٹ اکیڈمی (پرائیویٹ) لمیٹڈ قائم کریں گی۔
مزید پڑھیں
-
ایئر عربیہ سے 20 برسوں میں 150 ملین افراد نے سفر کیاNode ID: 807361
مسابقتی کمیشن کے مطابق نیا ادارہ پاکستان میں ہوا بازی کی تربیت کی خدمات پیش کرے گا۔ اکیڈمی کے 51 فیصد حصص کی مالک فلائی جناح جبکہ 49 فیصد کی ایئر عربیہ اکیڈمی ہو گی۔ اس اقدام سے پاکستان میں ہوابازی کی تربیت کی خدمات اور معیار بہتر ہو گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ مسابقتی کمیشن نے کمپیٹیشن ریگولیشنز 2016 کے تحت دونوں فریقین کی جانب سے جمع کرائی گئی پری مرجر کی درخواست کا جائزہ لیا۔ معاہدے کے مطابق، دونوں فریق نئی کمپنی میں سرمایہ کاری کریں گے۔
’مسابقتی جائزے میں سامنے آیا ہے کہ یہ ٹرانزیکشن بین الاقوامی نوعیت کی ہے، جو متعلقہ شعبہ میں مسابقت پر اثرانداز نہیں ہوگی۔ فلائی جناح کمرشل ایئرلائن خدمات پیش کرتی ہے جبکہ ایئر عربیہ اکیڈمی متحدہ عرب امارات میں ہوا بازی کی تربیت کے شعبہ سے وابستہ ہے۔ ایک الگ ادارے کے قیام کے لیے کیا گیا یہ جوائنٹ وینچر متوقع طور پر آزادانہ حیثیت میں کام کرے گا اور پاکستان میں ہوابازی کی تربیت کی خدمات کی دستیابی اور معیار کو بہتر بنائے گا۔‘
مسابقتی کمیشن نے تفصیلی جائزے کے بعد فیصلہ دیا ہے کہ اس جوائنٹ وینچر سے متعلقہ مارکیٹ میں مسابقت میں کمی یا غالب پوزیشن بننے کا امکان موجود نہیں لہٰذا کمیشن نے اس مرجر کی اجازت دے دی ہے۔

ٹی3 ایوی ایشن اکیڈمی کا کیا کردار ہو گا؟
پاکستان میں قائم ہونے والی ٹی3 اکیڈمی شارجہ کی ٹی3 اکیڈمی کی طرز پر ایک جامع ایوی ایشن ٹریننگ کا ادارہ ہو گا جو ہوا بازی کے شعبے میں مختلف تربیتی پروگراموں کی پیشکش کرے گا۔
اسلام آباد میں مقیم ہوابازی کے ماہر ڈاکٹر ولی احمد کے مطابق ٹی3 اکیڈمی ہوابازی کے شعبے میں شارجہ کا تربیتی ادارہ ہے جو پائلٹ ٹریننگ، ملٹی کریو پائلٹ لائسنس پروگرام جیسے تربیتی پروگرامز کا انعقاد کرتا ہے۔
اُنہوں نے اُردو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ اگر شارجہ کی طرز پر ہی اکیڈمی کو چلایا گیا تو اس میں گراؤنڈ آپریشنز ٹریننگ، فلائٹ ڈسپیچ، گراؤنڈ ہینڈلنگ، اور سیفٹی مینجمنٹ سمیت ایوی ایشن سے متعلق گراؤنڈ آپریشنز کے لیے تربیت فراہم کی جائے گی۔
ڈاکٹر ولی احمد کا کہنا تھا کہ اسی اکیڈمی میں پروفیشنل ڈویلپمنٹ کورس کے تحت ایوی ایشن پروفیشنلز کو مزید قابل بنایا جاتا ہے۔ نیز ٹی3 اکیڈمی مشترکہ تربیت کے تناظر میں اٹلی میں پروفیشنل ایوی ایشن جیسے دوسرے تربیتی اداروں کے ساتھ شراکت داری بھی قائم کرتی ہے جس سے مختلف آپریشنل ماحول میں متنوع تربیتی تجربات فراہم کیے جاتے ہیں۔

سابق چیئرمین پی آئی اے اور ایوی ایشن کے شعبے کے ماہر عرفان الٰہی کے خیال میں فلائی جناح اور ایئر عربیہ کے اشتراک سے پاکستان میں ٹی3 اکیڈمی کا قیام ہوابازی کے شعبے میں جانے کے خواہش مند نوجوانوں کے لیے بہت مفید ثابت ہو گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مختلف ایئر لائنز اپنی تربیتی اکیڈمیاں چلا رہی ہیں تاہم دو مختلف ایئر لائنز کا مل کر ایک تربیتی اکیڈمی کھولنا پاکستان کے ہوابازی کے شعبے کے لیے زیادہ فائدہ مند ہو گا جہاں ایک عالمی معیار کے مطابق ٹریننگ کا انعقاد ممکن ہو سکے گا۔