لکھنؤ۔۔۔۔۔۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے ندوۃ العلماء لکھنؤ میں ہنگامی میٹنگ بلائی ، صدر بورڈ مولانا رابع حسنی ندوی کی صدرات میں منعقد میٹنگ میں طلاق ثلاثہ سے متعلق حکومت کے مجوزہ بل کا جائزہ لیکر بورڈ نے براہ راست مرکز کو خبردار کیا اور بل کو خود خواتین اور سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے خلاف قراردیکر پارلیمنٹ میں پیش نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ میٹنگ میں صدر بورڈ مولانا رابع حسنی ندوی ، جنرل سیکریٹری مولانا محمد ولی رحمانی ، سیکریٹری ایڈووکیٹ ظفریاب جیلانی ، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ، مولانا فضل الرحمان ، مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی، مولانا سلمان حسینی ندوی ، بیرسٹر اویسی ، ڈاکٹر اسماء زہرا ایڈووکیٹ طاہر حکیم اور دیگر اراکین عاملہ موجود تھے۔ مسلم پرسنل لا بورڈ کی مجلس عاملہ نے دوٹوک انداز میں بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بل کو پارلیمنٹ میں نہ پیش کرے۔ یہ بل شریعت میں مداخلت کے علاوہ آئین ہند کے خلاف بھی ہے اور سپریم کورٹ حالیہ فیصلے کے خلاف بھی ہے۔ مسلم پرسنل لا اس کی مخالفت کرتا ہے ۔ مسلمانان ہند کے ان احساسات سے صدر بورڈ مولانا رابع حسنی ندوی ، وزیر اعظم ہند کو باخبر کرینگے۔ بورڈ نے اپنے پریس اعلامیہ میں کہا کہ حکومت ہند کا پیش کردہ شادی شدہ مسلم خواتین کے حقوق کے تحفظ سے متعلق بل مسلمانان ہند کیلئے بالکل قابل قبول نہیں ۔