26دسمبر 2017ءمنگل کو مملکت سعودی عرب سے شائع ہونے والے عربی اخبار ”الریاض“ کا اداریہ
آگہی ہمارا ہتھیار۔ الریاض
سعودی عرب کے سیکیورٹی ادارے دہشتگردی کی جملہ سرگرمیوں سے نمٹنے کے سلسلے میں اپنی کارکردگی کے جھنڈے آئے دن گاڑھتے رہتے ہیں۔ انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کام کرنے کی بدولت بین الاقوامی برادری سے خراج تحسین وصول کررہے ہیں۔ سیکیورٹی اداروں کی پے درپے کامیابی کا دوسرا فائدہ یہ سامنے آرہا ہے کہ سعودی شہریوں میں اپنے ملک کے خلاف کی جانے والی سازشوں کا احساس اور ادراک بھی بڑھتا جارہا ہے۔سعودی عوام یہ بات سمجھنے لگے ہیں کہ بعض ممالک اور تنظیمیں سراغرسانی کی جملہ توانائیاں اور اپنے ذرائع ابلاغ کو سعودی عرب کے خلاف وقف کئے ہوئے ہیں۔ یہ تنظیمیں اور ادارے انتہا پسند جماعتوں کے افکار کے پرچار اور سعودی رائے عامہ پر اثر انداز ہونے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
سعودی عرب کے خلاف منصوبہ بند طریقے سے دہشتگردانہ حملوں کی بھرمار کے باوجود سعودی شہری فرض شناسی کے جذبے سے مسلح ہوکر اس قسم کی سرگرمیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے لگے ہیں۔ ایک طرح سے انہیں اس سلسلے میں تجربہ حاصل ہوگیا ہے۔ سیکیورٹی اداروں سے مثالی تعاون کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ جہاں بھی کسی شہری کو کوئی مشکوک سرگرمی نظرآتی ہے فوری طور پر مطلوبین سے متعلق اہم معلومات سیکیورٹی اداروں کو پیش کردیتے ہیں۔ سوشل میڈیا بھی دہشتگردی کے سرپرست ممالک اور تنظیموں کے سلسلے میں عوامی آگہی کا ثبوت دے رہا ہے۔
سعودی شہریوں کو معلوم ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ طول بھی پکڑے گی اورسرکاری خزانے پر بوجھ بھی بنے گی۔ انہیں یہ بھی یقین ہے کہ علاقائی ممالک سے جرائم پیشہ جماعتوں کو ملنے والی مالی اعانت کے بہت سارے اسباب ہیں۔ صورتحال کچھ بھی ہو ریاست دہشتگردی کی بیخ کنی سے باز آنے والی نہیں۔سعودی سیکیورٹی ادارے وطن عزیز اور مقامات مقدسہ کے دفاع کیلئے بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ وہ اسکے لئے 24گھنٹے پور ی طرح سے مستعد ہیں۔
سعودی عوام کے عزم و حوصلے وطن عزیز کی خاطر خود سپردگی، وطن عزیز کے دفاع کے ارادے کی چٹان کے سامنے دہشتگردی کی تمام طیشہ زنیاں بیکار ثابت ہونگی۔ سعودی عرب سربلندی کیساتھ عربوں اور مسلمانوںکا دفاع کرتا رہیگا۔ مسلم اقوام کی نصرت اسکا مشن ہے جسے وہ جاری رکھے گا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭