لاہور ... تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ طاہر القادری تحریک چلائیں ساتھ کھڑے ہیں۔ طاہر القادری سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملٹری ڈکٹیٹرکی گودمیں میں پلنے والے جمہوریت کا درس دے رہے ہیں۔ لاڈلا تو وہ ہے ،جسے ضیا دور میں پالا گیا پھر اس کے لئے آئی جے آئی بنوائی گئی۔لاڈلا تو ایک ہی رہا ہے ،جو پانا مہ میں پھنس گیا نواز شریف کا مسئلہ یہ ہے کہ اب اسٹیبلیشمنٹ ان کی مدد نہیں کر رہی۔عمران خان نے مزید کہا کہ یہ سیاستدان نہیں ،ان کے مافیا ہونے میں کوئی شک نہیں ۔اگر یہ مافیا نہ ہوتا تو انصاف ایک ہفتے میں آجاتا۔ انہیں پتہ ہے کہ سارے ادارے مفلوج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شریف خاندان کا آخری دور ہے۔ سیاسی زندگی کے آخری سانس ہیں۔ڈراموں کا وقت ختم ہوگیا۔ا نہوں نے کہاکہ طاہر القادری کی اے پی سیاسی اتحاد نہیں انسانی مسئلہ ہے۔اس میں کون کون بیٹھا ہے کوئی مسئلہ نہیں۔ اس موقع پر طاہر القادری نے کہا کہ ن لیگ کے دن ختم ہوگئے۔ایک بھائی پانا مہ پر گیا ۔دوسرا سانحہ ماڈل ٹاون پر جائےگا۔ شہباز شریف حکم دینے والے اور رانا ثنا اس پر عمل کرانے والے تھے۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا ہے یا قانونی جنگ لڑنی ہے اس کا فیصلہ اے پی سی میں ہوگا۔جان لیں کہ معافی نہیں ہوگی ، گھر جانا ہوگا۔ شریف خاندان کے ایک بچے کے لئے بھی اقتدار کی جگہ نہیں ہوگی۔