Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کا مذاکرات ختم کرنے کا اعلان، فیصلہ افسوسناک ہے، حکومت

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی ائی کی مذاکرات کی خواہش تھی۔ حکومت کی طرف سے تعاون نہ کرنے پر مذاکرات روک دیے۔ (فوٹو: ایکس)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن نہ بننے پر عمران خان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم کرنے کا کہہ دیا ہے۔
دوسری جانب حکومت نے پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات ختم کرنے کے فیصلے کو افسوسناک قرار دیا ہے۔
خیال رہے پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کئی ہفتوں سے ہو رہے تھے۔ مذاکرات کا تیسرا دور گذشتہ ہفتے ہوا تھا جس میں پی ٹی آئی نے اپنے تحریری مطالبات پیش کیے تھے۔
جمعرات کو اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ’بانی پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کا اعلان نہ کرنے پر مذاکرات کال آف کرنے کا کہا۔‘
’پی ٹی ائی کی مذاکرات کی خواہش تھی۔ حکومت کی طرف سے تعاون نہ کرنے پر مذاکرات روک دیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ تین ججز پر مشتمل کمیشن بننے کی صورت میں مذاکرات کیے جا سکتے ہیں۔ ’عمران خان کی ہدایت پر تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں گے۔‘
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات روکنے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات روکنے کا اعلان کرنا افسوس ناک ہے۔‘
جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ ’ان کو آنے کی بھی جلدی تھی اور جانے کی بھی بے تابی ہے بہت۔ ہم ان سے کہتے ہیں کہ کچھ دن ٹھہر جائیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم سپیکر صاحب کو 28 جنوری کی تاریخ دے چکے ہیں کہ ہم پی ٹی آئی کے جوابات دے دیں گے۔ اگر بیرسٹر گوہر عمران خان سے ہٹ کر کوئی رائے بنا سکتے ہیں تو ہماری درخواست ہو گی کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں۔‘

شیئر: