گڑھی خدا بخش ...سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بینظیر اور پیپلز پارٹی کے ساتھ ماضی میں سازشیں ہوئیں جو آج تک جاری ہیں۔ اس کے گندے انڈوں سے بچے نکل رہے ہیں،کوئی کپتان تو کوئی لیڈر بن رہا ہے۔ عوام پرامید رہیں اپنے مخالفین کو جکڑ رکھا ہوا ہے۔ انہیں جکڑ کر کھ کر ہی الیکشن جیتیں گے۔ پیٹھ میں چھرا گھو پنے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے۔ گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر خطاب میںانہوں نے کہاکہ بی بی شہید نے آمرانہ قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ بینظیر کی طرح کوئی اور بہادر شخص نہیں دیکھا۔ بی بی کی شہادت کو 10 سال کا عرصہ بیت گیا لیکن لگتا ہے کہ وہ کل ہم سے جدا ہوئیں۔ میں اور بلاول ان کا مشن آگے بڑھا رہے ہیں۔ زرداری نے کہا کہ مجھ جیسے بہت سارے لیڈر آئیں اور جائیں گے لیکن نام صرف بھٹو کا رہے گا۔ پیپلز پارٹی کو بچا کر چلانا ہے، کسی جنگ میں نہیں ڈالنا۔انہوں نے کہا کہ مخالفین کو کہتا ہوں کہ اتنا کرو جتنا برداشت کر سکیں۔ آپ میں برداشت کرنے کی ہمت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ کسی نے این آر او دینے کی کوشش کی تو مقابلہ کریں گے۔ ملک میں اب دہرا معیار نہیں چلے گا۔