ایپل کی جانب گذشتہ دنوں اس بات کا اعتراف کیا گیا تھا کہ کمپنی پرانے آئی فونز کو سست کردیتی ہے تاکہ پرانی بیٹری سے ڈیوائس کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔ ایپل کے اس اعتراف پر دنیا بھر میں ایپل کے صارفین کمپنی کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور کئی ممالک میں ایپل کے خلاف مقدمات بھی دائر کیے جا چکے ہیں۔ ایپل کی اسی کمزوری کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سام سنگ اور ایل جی کمپنی نے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ دونوں کمپنیاں اپنے پرانے اسمارٹ فونز کو کسی بھی طور سست نہیں کریں گی کیونکہ وہ اپنی صارفین کی پسند ناپسند کا خیال رکھتی ہیں۔ ایسا ہی بیان ایچ ٹی سی اور موٹرولا کمپنی کی جانب سے بھی سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بیٹری کی عمر بڑھانے کے لیے کمپنی اسمارٹ فون کی پرفارمنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔