سابق وزیر خزانہ ابراہیم العساف کرپشن الزام سے بری
آج کابینہ اجلاس میں شریک ہوں گے
ریاض: وزیر مملکت اور رکن کابینہ ابراہیم العساف کرپشن کے تمام الزامات سے بری ہوگئے۔ توقع کی جارہی ہے کہ وہ کابینہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ انہیں ریٹز کارلٹن ہوٹل سے گھر رخصت کردیا گیا ہے۔ سبق ویب سائٹ کی تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ ابراہیم العساف کے خلاف ان کے دور وزارت میں جو الزامات عائد کئے گئے تھے وہ بے بنیاد تھے۔ تفتیشی ٹیم نے تمام الزامات کا جائزہ لینے کے بعد انہیں بری کردیا ۔ اس بنیاد پر انہیں ریٹز کارلٹن ہوٹل سے گھر روانہ کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرپشن کے الزامات سے بری ہونے کے بعد وہ اپنے منصب کی بنا پر آج منگل کو کابینہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ ذرائع نے کہا ہے کہ وزیر مملکت ابراہیم العساف کو الزامات سے بری کرنے سے ثابت ہوتا ہے کہ سعودی قیادت عجلت پر مبنی فیصلے نہیں کرتی اورشفاف تفتیش مکمل ہونے تک کسی کو مجرم قرار نہیں دیتی۔ یہی وجہ ہے کہ کرپشن کے الزامات عائد ہونے اور شامل تفتیش ہونے کے دوران بھی قیادت نے انہیں منصب سے سبکدوش نہیں کیا تھا۔ شفاف تفتیش کے نتیجے میں ان کی برأت ثابت ہوگئی تو وہ دوبارہ خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کے ساتھ کابینہ اجلاس میں شریک ہونے کا دوبارہ اعزاز حاصل کر رہے ہیں۔